علاقائی
خلاصہ
- میانوالی: (دنیا نیوز) میانوالی میں محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا انوکھا کارنامہ، اہل خانہ گھر میں موجود ہونے کے باوجود گھر سیل کر دیا۔
ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن انسپکٹر عظمت اللہ خان نے میانوالی شہر کے محلہ ابراہیم آباد میں معروف بزرگ سماجی شخصیت حاجی شیخ شفیع کا گھر اس بنا پر سیل کر دیا کہ مالک مکان نے مکان کا ٹیکس ادا نہ کیا۔
ایکسائز انسپکٹر نے مالک مکان کو بتانا بھی گوارا نہ کیا اور جب مکان سیل کیا تو بچے اور خواتین گھر کے اندر موجود تھیں۔
معاملہ سوشل میڈیا پر تیزی سے اجاگر ہوا تو ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر نے معاملہ کی حساسیت کا فوری نوٹس لیا۔
محکمہ کی جانب سے ایک اہلکار کو بھیجا گیا جس نے مکان کی سیل کھول دی اور تب جا کر گھر میں بند بچوں اور خواتین کی جان میں جان آئی۔