خلاصہ
- کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ کے تحت گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات کا آج سے آغاز ہوگا۔
چیئرمین انٹر بورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو کے مطابق اس سال فیز ون میں پری انجینئرنگ، پری میڈیکل، ہوم اکنامکس اور جنرل گروپس کے امتحانات میں ایک لاکھ 59 ہزار 572 طلبا و طالبات شریک ہوں گے۔
صبح کے اوقات میں ہونے والے پرچوں کیلئے 103 اور شام میں ہونے والے پرچوں کیلئے 42 امتحانی مراکز بنائے گئے ہیں، جن میں 30 امتحانی مراکز نجی کالجز میں بنائے گئے ہیں، 21 مراکز کو حساس قرار دیا گیا ہے، صبح کے وقت ہونے والے پرچوں کیلئے 27 سپر ویجیلنس کمیٹیاں قائم کی گئی ہیں۔
ناظم امتحانات کے مطابق ڈیجیٹل اٹینڈنس ایپلی کیشن متعارف کروائی گئی ہے جس سے پرچوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی، پرچوں کی ترسیل سے تقسیم تک تصاویر ضروری قرار دی گئی ہیں اور ریئل ٹائم مانیٹرنگ ہوگی جس کا مقصد پرچوں کے لیک ہونے کے عمل کو روکنا ہے۔
لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کیلئے کے الیکٹرک کو بھی خطوط لکھے گئے ہیں، امتحانی مراکز کے اطراف میں دفعہ 144 کے تحت فوٹو شاپ کی دکانوں پر پابندی ہوگی، امتحانی مراکز میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بھی ممنوع ہوگا۔