صرافہ ایسوسی ایشن کا ایف بی آر سے تمام مذاکرات معطل کرنے کا اعلان

صرافہ ایسوسی ایشن کا ایف بی آر سے تمام مذاکرات معطل کرنے کا اعلان

صرافہ جیم اینڈ جیولرزایسوسی ایشن قاسم شکار پوری کا شہر قائد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسلام آباد میں ہونے والے ہر قسم کے مذاکرات کا بائیکاٹ کرتے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ایف بی آر اپنا شارٹ فال تاجروں سے زبردستی پورا کروانا چاہتا ہے، اس ظالمانہ اقدام کے خلاف آج کراچی سمیت سندھ میں صرافہ مارکیٹیں بند ہیں۔

صدرصرافہ ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ ایف بی آر حکام ہم سے رشوتیں طلب کرتے ہیں، پشاور میں ہمارے دو ممبران سے25  کروڑ روپے رشوت مانگی گئی، پچھلے سال 22 ارب روپے مالیت کا ٹیکس دیا تھا۔

قاسم شکار پوری نے کہا کہ ملک بھر کے صرافہ تاجر اس سال 44ارب روپے ٹیکس ادا کریں گے، ایف بی آر گینگ وار کی طرز پر جیولرز کو بھتے کی پرچیاں دے رہا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ صرافہ جیولرز پی او ایس قانون کو تسلیم نہیں کرتے، سیکشن 175سی کو بھی تسلیم نہیں کرتے، اس سیکشن کےذریعے جیولرز کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔

صدر صرافہ ایسوسی ایشن نے  مزید کہا کہ سیکشن 175سی کے خلاف ایک ماہ سے عدالت میں پٹیشن دائر کی ہوئی ہے، کراچی کے ایک جیولر کی پی او ایس مشین خراب ہونے پر سیل کیا گیا جب کہ ملک گیر ہڑتال کا فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔