ٹنڈوالہ یار میں مختلف واقعات میں معصوم بچے سمیت تین افراد جاں بحق

ٹنڈوالہ یار میں مختلف واقعات میں  معصوم بچے سمیت تین افراد جاں بحق

پولیس کے مطابق پیرجی کالونی میں ایک افسوسناک واقعے میں مبینہ طور پر باپ نے اپنے چار سالہ بیٹے ریاض قمبرانی کو چھریوں کے وار کر کے قتل کر دیا۔

ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا کہ میاں بیوی کے درمیان گھریلو ناچاقی کے باعث خاتون میکے چلی گئی تھی جس پر مشتعل ہو کر ملزم نے اپنے ہی بیٹے کو قتل کر دیا، پولیس نے ملزم باپ کو حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔

دوسرے واقعے میں میرپورخاص روڈ بائی پاس پر ٹرک اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جب کہ ایک شخص زخمی ہوگیا جسے  فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

تیسرے حادثے میں چمبڑ روڈ پر کراچی ہوٹل کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے بزرگ شہری غلام حیدر جاں بحق ہوگئے، حادثے کے بعد گاڑی کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جب کہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔