دھابیجی پمپنگ سٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن، شہر قائد میں پانی کی فراہمی متاثر

دھابیجی پمپنگ سٹیشن پر بجلی کا بریک ڈاؤن، شہر قائد میں پانی کی فراہمی متاثر

  واٹر کارپوریشن ترجمان کے مطابق بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے دھابیجی پمپنگ سٹیشن کے تین پمپ عارضی طور پر بند ہوگئے ہیں، جس کے نتیجے میں شہر کو یومیہ تقریباً 75 ملین گیلن پانی کی فراہمی میں عارضی کمی متوقع ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ بجلی کے تھرڈ فیز کی سپلائی تاحال بحال نہیں ہوسکی، جبکہ کے الیکٹرک نے کیبل فالٹ ڈکلیئر کرتے ہوئے اپنی تکنیکی ٹیم کو موقع پر روانہ کردیا ہے جو خرابی دور کرنے میں مصروف ہے۔

واٹر کارپوریشن کا کہنا تھا کہ نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، گلبرگ ٹاؤن، نیو کراچی، لانڈھی، کورنگی اور سکیم 33 کے بعض علاقوں میں پانی کی سپلائی متاثر ہوسکتی ہے۔

انتظامیہ نے بتایا کہ واٹر کارپوریشن اور کے الیکٹرک کے درمیان مسلسل رابطہ برقرار ہے تاکہ فالٹ کو جلد از جلد دور کرکے بجلی کی مکمل بحالی یقینی بنائی جا سکے۔

دوسری جانب ترجمان نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بجلی بحال ہوتے ہی تمام پمپ فوری طور پر دوبارہ آپریشنل کر دیے جائیں گے اور شہر میں پانی کی فراہمی معمول کے مطابق بحال کردی جائے گی۔