کراچی: معمولی بارش سے 800 سے زائد فیڈرز ٹرپ گئے، شہر میں اندھیرے کا راج

کراچی: معمولی بارش سے 800 سے زائد فیڈرز ٹرپ گئے، شہر میں اندھیرے کا راج

ذرائع کے مطابق شہرِ قائد میں معمولی بارش اور آندھی سے شہر کا نصف سے زائد حصہ بجلی سے محروم ہوگیا، کے-الیکٹرک کے 800 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے۔

ڈسٹرکٹ ایسٹ میں گلشن اقبال ، گلستان جوہر، سکیم 33 کے علاقے تاحال اندھیرے میں ڈوبے ہوئے ہیں جب کہ ڈسٹرکٹ ملیر میں کالا بورڈ، شمسی سوسائٹی، جعفر طیار، کھوکھراپار کے علاقوں میں بھی بجلی بند ہے۔

دوسری جانب ڈسٹرکٹ سینٹرل میں ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، نارتھ کراچی ، لیاقت آباد، شادمان، ایف بی ایریا کے رہائشی بجلی کی ترسیل سے محروم ہیں، ڈسٹرکٹ سا ؤتھ میں کلفٹن ، بورڈ بیسن ، ڈیفینس اور صدر میں بھی بجلی غائب ہے۔

علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ کورنگی میں ناصر جمپ، لکھنؤ سوسائٹی، دارلسلام سمیت کئی علاقوں کے مکین اندھیرے میں بیٹھے ہیں، شہریوں کا کہنا ہے کہ بجلی کب بحال ہوگی، کےای ہیلپ لائن صارفین کو مطمئن کرنے میں ناکام ہے۔