کراچی سمیت ملک بھر کیلئے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی سستی ہونے کا امکان

Published On 28 August,2025 11:48 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی سمیت ملک بھر کیلئے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی سستی ہونے کا امکان ہے۔

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی جولائی کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی ایک روپے 69 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست پر نیپرا آج سماعت کرے گا۔

دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ جولائی میں 14 ارب 12 کروڑ 30 لاکھ یونٹس بجلی پیداوار رہی۔

ای سی سی کی پالیسی گائیڈلائنز کے تحت ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک پر بھی ہوگا، ای سی سی نے ملک بھر کیلئے یکساں فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ لاگو کرنے کی منظوری دی تھی۔

یاد رہے کہ جولائی میں 13 ارب 66 کروڑ 60 لاکھ یونٹس بجلی فراہم کی گئی، بجلی کی فی یونٹ لاگت جولائی میں 8 روپے 18 پیسے رہی، ایک ماہ میں ہائیڈل سے بجلی کی پیداوار 40.13 فیصد رہی۔

سی پی پی اے کے مطابق جولائی میں مقامی کوئلے سے 10.64 فیصد بجلی کی پیداوار رہی، ایک ماہ میں درآمدی کوئلے سے بجلی پیداوار کا حصہ 8.07 فیصد رہا، جولائی میں گیس سے بجلی کی پیداوار 7.74 فیصد رہی، جبکہ درآمدی ایل این جی سے 17.26، جوہری ایندھن سے 9 فیصد پیداوار رہی۔