کراچی: (دنیا نیوز) دھابیجی پمپنگ سٹیشن کے سیکنڈ فیز میں کے الیکٹرک کا دوبارہ بڑا بریک ڈاؤن سامنے آیا ہے۔
واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق بریک ڈاؤن آج صبح 6 بج کر 35 منٹ پر رپورٹ ہوا، جس کے بعد سٹیشن کے دوسرے فیز میں دو پمپ بند ہوگئے، بجلی معطل ہونے کے باعث لائن نمبر 5 متاثر ہوئی ہے، جس کے نتیجے میں کراچی کو تقریباً 100 ملین گیلن پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ترجمان واٹر کارپوریشن کا کہنا ہے کہ متاثرہ لائن کی مرمت ہنگامی بنیادوں پر شروع کر دی گئی ہے اور انتظامیہ مرمتی کام کو بروقت مکمل کرنے کیلئے بھرپور کوششوں میں مصروف ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرمت مکمل ہوتے ہی دھابیجی پمپنگ سٹیشن کا نظام دوبارہ مکمل طور پر معمول پر آجائے گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل 5 نومبر کو کے تھری پمپ ہاؤس کیبل فالٹ کے باعث 36 گھنٹے تک بند رہا تھا، جس سے شہر کو شدید پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔



