علاقائی
خلاصہ
- کراچی:(دنیا نیوز) شہرِ قائد میں مون سون کی پہلی بارش کے ساتھ ہی کے-الیکٹرک کا بجلی کا نظام ایک بار پھر متاثر ہوگیا۔
اطلاعات کے مطابق بارش شروع ہوتے ہی کے الیکٹرک کے متعدد فیڈرز، سب اسٹیشنز اور پی ایم ٹیز ٹرپ کر گئے جس کے نتیجے میں شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
شہر بھر میں 100 سے زائد فیڈرز بند ہونے سے ہزاروں صارفین بجلی سے محروم ہوگئے، گلشن اقبال، جمشید روڈ، نیول کالونی، اورنگی ٹاؤن، فیڈرل بی ایریا، لیاقت آباد، نارتھ ناظم آباد، سہراب گوٹھ، سکیم 33، شادمان، بنارس، ناظم آباد اور گولیمار سمیت متعدد علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔
ذرائع نے بتایا کہ بارش کے دوران بجلی کی بندش کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑاجب کہ مختلف علاقوں سے بجلی کی بحالی کا مطالبہ بھی سامنے آیا۔
دوسری جانب کے-الیکٹرک کی جانب سے متاثرہ فیڈرز کی بحالی کے لیے تکنیکی ٹیموں کی کارروائی جاری ہے۔