امریکا میں شامی گلوکارہ اصالہ نصری کے 60 لاکھ ڈالر کے زیورات چوری

امریکا میں شامی گلوکارہ اصالہ نصری کے 60 لاکھ ڈالر کے زیورات چوری

یہ اطلاع امریکا کے شہر ڈیٹرائٹ کے فاکس تھیٹر میں ہونے والے کنسرٹ کے ایک ہفتے سامنے آئی ہے، اس بارے میں گلوکارہ کا کہنا ہے کہ وہ ڈیٹرائٹ کے ہوٹل میں قیام پذیر تھیں، جہاں سے ان کے زیورات غائب ہوئے۔

اصالہ نے کہا کہ وہ ہوٹل پہنچنے کے بعد تیار ہوئیں اور اپنے زیورات تبدیل کرکے کنسرٹ کے لیے روانہ ہوئیں، سفر کے دوران وہ اپنے زیورات خود ساتھ رکھتی ہیں کیونکہ انہیں ان کی حفاظت کی فکر رہتی ہے۔

گلوکارہ کے مطابق وہ زیورات ان کے لیے خاصی جذباتی اہمیت رکھتے ہیں کیونکہ ان میں سے کچھ خاندان کے ورثے میں ملے ہیں جبکہ کچھ بچوں، شوہر اور دوستوں کی جانب سے تحائف کی شکل میں دیے گئے ہیں۔

اصالہ نے بتایا کہ یہ امریکا کے دورے کا آخری شو تھا، کنسرٹ کے بعد میں تھکی ہوئی تھی اور کمرے میں آتے ہی سو گئی اگلی صبح جب اپنا بیگ کھولا تو زیورات کا ڈبہ غائب تھا، اس پر وہ کافی پریشان ہوئیں اور پولیس کو اطلاع دی جس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاہم ابھی تک کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ رپورٹ کے بعد پولیس متحرک ہوئی اور مختلف مقامات کی تلاشی کےعلاوہ سٹاف سے بھی پوچھ گچھ کی تاہم ایک ہفتہ گزر جانے کے بعد ابھی تک کوئی مثبت خبر نہیں ملی ہے۔

انہوں نے اس اطلاع کو پہلے منظر عام پر نہ لانے کے حوالے سے بتایا کہ وہ نہیں چاہتی ہیں کہ کوئی ایسی خبر سامنے آئے جو ان کے دورے پر اثرانداز ہو اور انہیں یقین بھی تھا کہ پولیس زیورات ڈھونڈ لے گی۔

امریکا کے شہر ڈیٹرائٹ کے ریکارڈ کے مطابق پچھلے کچھ عرصے میں چوری سے متعلق جرائم کی شرح میں اضافہ ہوا ہے جو کہ ریاست مشی گن کی مجموعی شرح کے مقابلے میں بھی زیادہ ہے۔