خیرپور میں مبینہ زہریلی چائے پینے سے دو کمسن بہنیں جاں بحق، ماں بیٹی بے ہوش

خیرپور میں مبینہ زہریلی چائے پینے سے دو کمسن بہنیں جاں بحق، ماں بیٹی بے ہوش

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی لڑکیوں کی شناخت 16 سالہ صائمہ اور 14 سالہ کلثوم کے نام سے ہوئی ہے، جن کی لاشیں ضروری کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کردی گئی ہیں۔

بچیوں کے والد کا کہنا تھا کہ وہ صبح دودھ خرید کر گھر دے کر مزدوری کے لیے چلا گیا تھا، گھر میں دودھ کی چائے پینے کے بعد اس کی اہلیہ اور تین بیٹیاں بے ہوش ہوگئیں۔

پولیس حکام نے بتایا واقعے میں خاتون زاہدہ اور ان کی بیٹی علیزہ ہسپتال میں زیرِ علاج ہیں، جبکہ دو بیٹیاں دم توڑ چکی ہیں۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور متعلقہ دکان کو سیل کرکے دودھ کے نمونے حاصل کرلیے ہیں، جنہیں تجزیے کے لیے بھجوایا جائے گا۔

 حکام  نے بتایا کہ کہ بچیوں کی پوسٹ مارٹم رپورٹ اور دودھ کے نمونوں کی لیبارٹری رپورٹ سامنے آنے کے بعد ہی واقعے کی اصل وجوہات اور حقائق کا تعین ہوسکے گا۔

دوسری جانب ابتدائی طور پر واقعے کو مبینہ زہریلی چائے پینے کا نتیجہ قرار دیا جارہا ہے، تاہم زہریلے مادے کی موجودگی کی تاحال تصدیق نہیں ہو سکی۔