خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) امریکی ادارے ایف بی آئی کی شکایت پر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور نے کارروائی کرتے ہوئے کم عمر بچی کو آن لائن جنسی استحصال کا نشانہ بنانے اور دھمکیاں دینے کے الزام میں ملزم کو گرفتار کر لیا، ملزم کے قبضے سے دو موبائل فونز برآمد کر لیے گئے۔
ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق امریکی سفارت خانے اسلام آباد کی جانب سے ایف بی آئی کے ذریعے موصول ہونے والی شکایت وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ کے توسط سے این سی سی آئی اے کو بھجوائی گئی، جس پر انکوائری شروع کی گئی۔
ترجمان کے مطابق ایک گوگل اکاؤنٹ اور ٹک ٹاک اکاؤنٹ کے ذریعے امریکہ میں مقیم 9 سالہ بچی سے بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد طلب کرنے اور اسے دھمکیاں دینے کا الزام سامنے آیا۔
ابتدائی معلومات اور گوگل کی جانب سے فراہم کردہ صارف کی تفصیلات کی بنیاد پر مبینہ اکاؤنٹ کے استعمال کا تعلق لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن سے سامنے آیا جبکہ مارچ اور اپریل 2026 کے دوران اکاؤنٹ لاگ اِن کے لیے ٹیلی نار پاکستان کے آئی پی ایڈریسز استعمال ہونے کی نشاندہی ہوئی۔
ترجمان کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹر کی اجازت سے این سی سی آئی اے کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد ہاشم طاہر کو گرفتار کر لیا، کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے آئی فون 15 اور اینڈرائیڈ فون برآمد کیے گئے، آئی فون 15 میں متعلقہ گوگل اکاؤنٹ جبکہ اینڈرائیڈ فون سے ایک سم کارڈ بھی برآمد ہوا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق مزید تفتیش اور ڈیجیٹل شواہد کا فرانزک جائزہ جاری ہے۔