خلاصہ
- اسلام آباد: (ویب ڈیسک) اگر آپ کے گھر میں سمارٹ ٹی وی موجود ہے تو آپ مچھروں سے بچنے کے لیے الیکٹرک ریکٹ کے استعمال میں محتاط رہیں۔
ٹیکنالوجی کی معروف کمپنی ایل جی نے اپنے صارفین کو باقاعدہ خبردار کیا ہے کہ ٹی وی کے قریب مچھر مارنے والے بیٹ کا استعمال سمارٹ ٹی وی کو ہمیشہ کے لیے ناکارہ بنا سکتا ہے، یہ معمولی سی نظر آنے والی غلطی آپ کے ہزاروں روپے کا نقصان کر سکتی ہے۔
کمپنی کے مطابق جب مچھر مار ریکٹ کسی مچھر کو مارتا ہے تو اس سے پیدا ہونے والا ہائی وولٹیج سپارک اور برقی مقناطیسی لہریں ٹی وی کے مدر بورڈ، ڈسپلے پینل اور دیگر اہم سرکٹس کو نقصان پہنچا سکتی ہیں، اس کے نتیجے میں ٹی وی کی سکرین پر لکیریں نمودار ہونا، تصویر جم جانا، سکرین کا کالا ہو جانا یا ٹی وی کا اچانک بند ہونا جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
ایل جی نے اپنے مینوئل میں کہا ہے کہ ٹی وی کے قریب ہائی وولٹیج والے آلات استعمال کرنے سے مصنوعات میں خرابی پیدا ہو سکتی ہے اور بعض اوقات پورا ٹی وی ناکارہ ہو جاتا ہے۔
ماہرین کے مطابق ٹی وی کے ٹی کان بورڈ اور چپ آن فلم سرکٹ جیسے اہم حصے بھی متاثر ہو سکتے ہیں، جبکہ بعض صورتوں میں ٹی وی بار بار خودکار طور پر ری سٹارٹ ہونے لگتا ہے، ان حصوں کی مرمت کا خرچ اتنا زیادہ ہو سکتا ہے کہ نیا ٹی وی خریدنا ہی بہتر آپشن رہ جاتا ہے۔
کمپنی نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ سمارٹ ٹی وی کو ایسی جگہ نصب کیا جائے جہاں ہوا کی مناسب آمدورفت ہو تاکہ زیادہ گرمی پیدا نہ ہو، اس کے علاوہ بجلی کے اتار چڑھاؤ سے بچنے کے لیے سرج پروٹیکٹر استعمال کرنے اور سکرین صاف کرنے کے لیے صرف مائیکرو فائبر کپڑا استعمال کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
ماہرین نے یہ بھی مشورہ دیا ہے کہ ٹی وی کے قریب ہیئر ڈرائر، انڈکشن چولہے، بھاری سپیکرز یا زیادہ حرارت پیدا کرنے والے دیگر برقی آلات رکھنے سے بھی گریز کیا جائے تاکہ اسمارٹ ٹی وی کی کارکردگی اور عمر متاثر نہ ہو۔