امریکا صدر ٹرمپ کی تصویر والا ایک ڈالر کا سکہ جاری کرے گا

امریکا صدر ٹرمپ کی تصویر والا ایک ڈالر کا سکہ جاری کرے گا

برطانوی خبر ساں ادارے کے مطابق سکے کے ڈیزائن میں سامنے کی جانب لبرٹی،اور اِن گاڈ وی ٹرسٹ 1776-2026 کے الفاظ درج ہیں، جبکہ پچھلی جانب عقاب کی تصویر شامل ہے، یہ ڈیزائن اکتوبر میں جاری کیے گئے مسودے کی ترمیم شدہ شکل ہے۔

اُس مسودے کے پچھلے رخ پر ٹرمپ کو مکا بلند کیے ہوئے دکھایا گیا تھا، جس کے گرد فائٹ، فائٹ، فائٹ کے الفاظ درج تھے، جو 2024 میں اُن پر ہونے والے قاتلانہ حملے کی طرف اشارہ تھا۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ وہ اس سکے سے باعزت محسوس کرتے ہیں، جتنا میں سمجھتا ہوں یہ بہت غیر معمولی ہے۔

ناقدین نے اس ڈیزائن کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھائے ہیں، 1866 کا امریکی قانون یہ شرط عائد کرتا ہے کہ کسی زندہ شخص کی تصویر امریکی کرنسی پر استعمال نہیں کی جا سکتی، لیکن یہ قانون صرف کاغذی نوٹوں پر لاگو ہوتا ہے جو بیورو آف اینگریونگ اینڈ پرنٹنگ تیار کرتا ہے، سکے یو ایس منٹ تیار کرتا ہے۔

کانگریس نے 2020 میں ایک قانون منظور کیا تھا جس کے تحت ٹریژری سیکریٹری کو 250ویں سالگرہ کی یاد میں ایک ڈالر کے سکے تیار کرنے کی اجازت دی گئی تھی، لیکن اس قانون میں زندہ افراد کی تصاویر شامل کرنے پر پابندی تھی۔

وزیر خزانہ بیسنٹ نے کہا کہ جب امریکا کی 150ویں سالگرہ منائی گئی تھی تو اُس وقت کے صدر کیلون کولج کی تصویر ایک سکے پر لگائی گئی تھی، لہٰذا ہم زندہ افراد کی تصاویر سکوں پر لگا سکتے ہیں۔