نادرا نے پاکستان میں تیارکردہ کیوآرکوڈ پرمبنی نیا قومی شناختی کارڈ متعارف کرادیا

نادرا نے پاکستان میں تیارکردہ کیوآرکوڈ پرمبنی نیا قومی شناختی کارڈ متعارف کرادیا

نادرا کے اعلامیے کے مطابق نیا قومی شناختی کارڈ پولی کاربونیٹ مٹیریل پر پاکستان میں تیار کیا گیا ہے، نئے شناختی کارڈ میں درآمدی مائیکروچپ کی جگہ محفوظ کیو آرکوڈ شامل کیا گیا ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کیو آرکوڈ کے ذریعے شناختی کارڈ کی تصدیق عام اسمارٹ فون سے بھی ممکن ہوگی، پاک آئی ڈی موبائل ایپ سے نئے شناختی کارڈ کا کیو آر کوڈ پڑھ کر تصدیق کی جاسکے گی۔

نئے شناختی کارڈ کے کیو آرکوڈ میں کارڈ ہولڈر کی متعلقہ شناختی معلومات، تصویر ہوگی، کیوآرکوڈ کے ذریعے نام، پتہ، دیگر معلومات کے ڈیٹا اندراج میں غلطیوں میں کمی آئے گی، ٹیلی کام کمپنیوں، بینکوں، اسپتالوں، ریلوے، پولیس، دیگرم جازاداروں کو کیوآر کوڈ تصدیق کا سافٹ ویئر فراہم کیا جائے گا۔

اعلامیے کے مطابق نئے شناختی کارڈ پر خاندان نمبر، معذور افراد، بزرگ شہریوں، اعضا عطیہ کرنے والوں کے مخصوص نشانات ہوں گے، نئے شناختی کارڈ پر آزاد جموں وکشمیر کے شہریوں کے مخصوص نشانات بھی ہوں گے، نئے شناختی کارڈ پر نام اور پتہ اردو اور انگریزی دونوں زبانوں میں درج ہوگا، کیوآرکوڈ پر مبنی نیا کارڈ آج 14 اگست سے موجودہ شناختی کارڈ کی جگہ مرحلہ وارجاری کیا جارہا ہے۔

جنوری 2027 سے کیو آر کوڈ پر مبنی نیا کارڈ نائیکوپ اور جووینائل کارڈ سمیت تمام اقسام کے قومی شناختی کارڈز کیلئے جاری ہوگا۔ آخری مرحلے میں پاکستان اوریجن کارڈ بھی چپ کے بغیرکیوآرکوڈ پرمبنی نئے کارڈ میں منتقل ہوگا۔

نادرا کا کہنا ہے کہ پہلے سے جاری تمام شناختی کارڈ اپنی مقررہ تاریخ میعاد تک بدستور کارآمد رہیں گے۔