پاکستان کے سیاحتی مقامات دنیا میں متعارف کرانے والی مصنفہ آئزوبل شا انتقال کر گئیں

پاکستان کے سیاحتی مقامات دنیا میں متعارف کرانے والی مصنفہ آئزوبل شا انتقال کر گئیں

آئزوبل شا کا انتقال سوئٹزرلینڈ کے علاقے سینٹ سرگ میں واقع ان کی رہائش گاہ پر ہوا، انہوں نے اپنی تحریروں اور سیاحتی رہنما کتابوں کے ذریعے ہزاروں غیر ملکی سیاحوں کو پاکستان کی سیر، ثقافت اور تاریخی مقامات سے روشناس کرایا۔

آئزوبل شا پہلی مرتبہ 1978 میں پاکستان آئی تھیں، جب ان کے شوہر رابرٹ شا کو فورڈ فاؤنڈیشن کی جانب سے اسلام آباد میں نمائندہ مقرر کیا گیا۔

وہ تقریباً 3 سال اسلام آباد میں مقیم رہیں، اس دوران انہوں نے اردو زبان سیکھی اور ہیلری ایڈمسن کے ساتھ مل کر پاکستان کے سفر سے متعلق ایک رہنما کتاب ’اے ٹریولرز گائیڈ ٹو پاکستان‘ تحریر کی، جو 1981 میں اسلام آباد سے شائع ہوئی، یہ پاکستان کے بارے میں جدید دور کی ابتدائی سیاحتی رہنما کتابوں میں شمار ہوتی ہے۔

ان کی 1989 میں شائع ہونے والی کتاب ’پاکستان ہینڈ بک‘ کو تھامس کک ٹریول اینڈ گائیڈ بک ایوارڈز کے لیے مختصر فہرست میں بھی شامل کیا گیا، جبکہ پاکستان سے متعلق ان کی تصاویر پر مشتمل سیاحتی گائیڈ کے 5 ایڈیشن شائع ہوئے۔

انہوں نے اپنے بیٹے بین شا کے ساتھ مل کر 1993 میں ’پاکستان ٹریکنگ گائیڈ‘ بھی تحریر کی، جبکہ قراقرم اور ہندوکش کے پہاڑی سلسلوں میں سیاحت اور ٹریکنگ سے متعلق ایک اور رہنما کتاب 2013 میں لاہور سے شائع ہوئی۔

ان کی تحریروں کو خطے کے دیگر مصنفین نے پاکستان کے بارے میں بہترین سیاحتی رہنمائی فراہم کرنے والی کتابوں میں شمار کیا۔

آئزوبل شا نے 1990 کی دہائی میں حکومت پاکستان کے ساتھ سیاحت کے شعبے میں مشیر کی حیثیت سے بھی کام کیا اور 1993 میں کراچی میں منعقدہ پاکستان ٹورازم کنونشن سے کلیدی خطاب کیا۔

2005 کے تباہ کن زلزلے کے بعد انہوں نے متاثرین کی ہڈیوں اور جوڑوں کے علاج کے لیے فنڈز جمع کرنے کی غرض سے مختلف تقریبات اور نشستوں سے خطاب کیا۔

اسی سال لندن میں قائم پاکستان سوسائٹی نے برطانیہ میں پاکستان سے متعلق عوامی معلومات اور آگاہی کے فروغ کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں اعزاز سے نوازا۔

ان کی آخری کتاب ’ٹریکنگ گائیڈ ٹو دی قراقرم اینڈ ہندوکش آف ناردرن پاکستان‘ 2013 میں لاہور کے اشاعتی ادارے وینگارڈ بکس نے شائع کی، اسی سال وہ 70 برس کی عمر میں دوبارہ چترال بھی گئیں۔

آئزوبل شا 1943 میں آئرلینڈ کے علاقے میتھ میں آئزوبل اوبیرن کے نام سے پیدا ہوئیں اور کیمبرج یونیورسٹی کے نیونہم کالج سے تعلیم حاصل کی، وہ 1981 سے جنیوا کے قریب مقیم تھیں۔

سفرنامہ نگار آئزوبل شا کے پسماندگان میں ان کے 3 بچے، 9 پوتے پوتیاں اور نواسی نواسے جبکہ ایک پڑنواسی شامل ہیں۔