ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان میں ہونے والے ٹوکیو اولمپکس میں تاخیر کے باعث اخراجات میں اربوں ڈالرز کا اضافہ ہوگیا ہے، ملتوی شدہ ٹوکیو اولمپکس و پیرالمپکس کے منتظمین کو کورونا وائرس کی وباء کے باعث ان کھیلوں کے سلسلے میں مختلف چیلنجوں کا سامنا ہے۔
ٹوکیو اولمپکس و پیرالمپکس کے انعقاد میں صرف 7 ماہ رہ گئے ہیں۔2020ٹوکیو گیمز کو عالمگیر وباء کے باعث ایک سال کے لیے ملتوی کر دیا گیا تھا۔ ان کھیلوں کو ملتوی کرنے کا یہ پہلا واقعہ ہے، اب ٹوکیو اولمپکس 23 جولائی سے 8 اگست 2021 تک ہوں گے، اس کے علاوہ پیرالمپکس (معذور کھلاڑیوں کا اولمپک) 24 اگست 2021 سے 5 ستمبر 2021 تک ہوں گے۔
اولمپک مشعل ریلی کا آغاز مارچ سے ہو گا۔ منتظمین موسم بہار میں یہ طے کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں کہ کھیلوں کے مقامات پر کتنے شائقین کو داخل ہونے کی اجازت دی جائے۔
تاخیر سے ہونے والے ٹیسٹ ایونٹس کا انعقاد انسداد کورونا وائرس کے اقدامات کے ساتھ مارچ سے مئی کے درمیان ہوگا۔ منتظمین کو یہ طے کرنا ہے کہ غیرملکیوں سمیت کھیل دیکھنے کے لیے کتنے شائقین کی حد مقرر کی جائے۔
انہیں کھیلوں کے لیے طبی امداد کا نظام بھی اختیار کرنا ہوگا جو وائرس کے خلاف لڑنے والے طبی عملے کے لیے ایک بوجھ ثابت ہوسکتا ہے۔
خیال رہے کہ ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد جاپان میں رواں برس 24 جولائی سے 9 اگست تک کیا جانا تھا جس کیلئے جاپان میں بڑے پیمانے پر انتظامات بھی کیے جا رہے تھے لیکن کورونا کے باعث یہ ایک سال کیلئے ملتوی کردیے گئے۔