مشرقی جاپان میں برڈ فلو کی تصدیق، لاکھوں مرغیوں کو تلف کرنے کا فیصلہ

Published On 26 December,2025 04:00 am

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) مشرقی جاپان میں برڈ فلو کیس کی تصدیق کے بعد لاکھوں مرغیوں کو تلف کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

عالمی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق صوبہ ایباراکی کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ شیروساتو میں واقع ایک پولٹری فارم پر انتہائی خطرناک ایویئن انفلوئنزا (برڈ فلو) پھیل گیا ہے جو رواں سیزن میں ملک بھر میں اس نوعیت کا دسواں کیس ہے۔

صوبائی حکام نے بتایا کہ متاثرہ فارم پر انڈے دینے والی 9 لاکھ 70 ہزار مرغیوں کو تلف کیا جائے گا جو اس سیزن میں اب تک کی سب سے بڑی کارروائی ہے، تازہ کیس کے بعد تلف کی جانے والی مرغیوں کی مجموعی تعداد 36 لاکھ 50 ہزار ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ جاپان میں رواں سیزن کا پہلا کیس 22 اکتوبر کو شمالی صوبے ہوکائیڈو میں سامنے آیا تھا۔