اسلام آباد: (دنیا نیوز) ای پاک کے تعاون سے فری فائر پاکستان لیگ II ٹائٹل سپانسر بیگو لائیو اور شریک سپانسر انفنکس کی جانب سے آفیشل سپانسر ہوگی۔ اس میں ایک کروڑ روپے کے انعامات ہوں گے جو پاکستان میں اب تک ای سپورٹس ٹورنامنٹ کے لئے سب سے بڑا انعام ہے۔
ٹورنامنٹ کے لئے رجسٹریشن کا آغاز 21 جولائی سے 23 جولائی تک ٹورنامنٹ کی آفیشل ویب سائیٹ پر ہوگا۔
گروپ سٹیج کیلئے کوالیفائر رائونڈز 26 جولائی سے 6 اگست تک قومی سطح پر منعقد کئے جائیں گے۔
21 اگست سے 26 ستمبر تک ہونے والے گروپ اسٹیج میں پچھلے سیزن سے چھ ممتاز پروفیشنل ٹیموں کے ساتھ مل کر یہ 18 ٹیمیں فائنل ایونٹ کے لئے 12 سلاٹس جیتنے کے لئے لگاتار چھ ہفتے مقابلے کریں گی۔
ان میچوں میں سے ہر میچ گیرینا فری فائر پاکستان کے آفیشل یوٹیوب چینل پر لائیو اسٹریم کیا جائے گا، فائنل ایونٹ 10 اکتوبر کو آف لائن منعقد ہونے کی توقع ہے۔
پاکستان میں پہلی مرتبہ ای سپورٹس ایونٹ کے انعقاد کے لئے ”گیرینا“ اور ”بیگو“ کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیئے گئے ہیں۔
مفاہمت کی یادداشت پر وفاقی سیکریٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد اور بیگو کے جنوبی ایشیا کے ریجنل ہیڈ جان ژانگ نے دستخط کئے جبکہ گیرینا کے ڈائریکٹر وو شی کونگ نے ویڈیو لنک کے ذریعے تقریب میں شرکت کی۔
اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ آج پاکستان پہلی مرتبہ ای سپورٹس میں داخل ہو رہا ہے۔ قومی سطح پر ای سپورٹس کا ایونٹ منعقد ہونے پر ہمیں خوشی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گیرینا دنیا کی مشہور کمپنی ہے جو بیگو کے تعاون سے پاکستان میں فری فائر قومی ٹورنامنٹ منعقد کر رہی ہے۔ اس گیم میں ایک کروڑ روپے کے انعامات ہیں۔ جیتنے والی ٹیم عالمی سطح پر ہونے والے مقابلے میں حصہ لے سکے گی جس میں دو ملین ڈالر کے انعامات ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ کھیلوں میں زیادہ دلچسپی رکھنے والے بچوں کے پاس موقع ہے کہ وہ 12 سال کی عمر میں کروڑ پتی بن سکتے ہیں۔ ویڈیو گیمز کی مجموعی مارکیٹ 200 بلین ڈالر عبور کر چکی ہے۔ امید ہے کہ پاکستانی نوجوان اس میں 5.6 بلین ڈالر کا حصہ حاصل کر سکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ای سپورٹس کی طرف ہم نے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے اور ہمارے بچے بھی ای سپورٹس میں حصہ لے سکیں گے۔ فری فائر پاکستان میں ہونے والا پہلا ای سپورٹس ٹورنامنٹ ہے، جیسے جیسے ہم آگے بڑھیں گے اس کے ثمرات نظر آنا شروع ہو جائیں گے۔ پاکستان میں 567 ٹیمیں اس ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گی۔ اس سے ای سپورٹس کو فروغ ملے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ دنیا کی بڑی کمپنیاں بھی اس پول میں آئیں گی، پاکستانی نوجوانوں کو ای سپورٹس کی صورت میں ایک بڑا موقع میسر آ رہا ہے۔
اس موقع پر بیگو کے جنوبی ایشیا کے ریجنل ہیڈ جان ژانگ اور گیرینا کے ڈائریکٹر وو شی کونگ نے ملک میں گیمنگ انڈسٹری کے فروغ کیلئے وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کے وژن کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا میں گیمنگ کا کلچر فروغ پا رہا ہے۔ انہوں نے گیمنگ انڈسٹری بالخصوص ای سپورٹس کو فروغ دینے کے لئے گیرینا، بیگو اور وزارت اطلاعات کے مابین مفاہمت کی یادداشت کو خوش آئند قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ مفاہمت کی یادداشت پاکستان میں ای گیمنگ انڈسٹری کے فروغ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ انہوں نے ای پاک انیشی ایٹو پر وفاقی وزیر اطلاعات کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ وزارت اطلاعات و نشریات نے ملک میں ایک مستحکم ای سپورٹس ایکو سسٹم تشکیل دینے کے لئے ”فری فائر پاکستان لیگ“ کے ساتھ ایک قومی ای سپورٹس انیشی ایٹو ”ای پاک“ کا آغاز کیا ہے جس کے تحت وزارت اطلاعات عام لوگوں میں ای سپورٹس کو مقبول بنانے اور نوجوانوں کو پیشہ ورانہ ای سپورٹس ایتھلیٹ بننے کی ترغیب دینے کے لئے ای سپورٹس ٹائٹلز کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ ای پاک کی جانب سے پہلے ای سپورٹس ٹائٹل ”فری فائر“ کا انتخاب کیا گیا ہے۔ یہ عالمی سطح پر انتہائی مقبول موبائل گیمز میں شمار ہوتی ہے۔