لاہور: ( ویب ڈیسک ) فیفا ورلڈ کپ 2022 میں انگلینڈ نے ایران جبکہ نیدرلینڈز نے سینیگال کو شکست دے دی۔
انگلینڈ کی فیفا ورلڈ کپ گروپ بی کی مہم کا آغاز مکمل طور پر قائل کرنے والے انداز میں ہوا جب انہوں نے دوحا میں ایران کو آؤٹ کلاس کر دیا۔
ایران کا آغاز مایوس کن رہا گول کیپر علی رضا بیران ونڈ کے ٹیم کے ساتھی ماجد حسینی سے ٹکرا گئے تھے۔
انگلینڈ کے بکائیو ساکا نے دو جبکہ رحیم سٹرلنگ، جیک گریلش، جوڈ بیلنگھم اور مارکس راشفورڈ نے ایک ایک گول کیا۔ ایران کی جانب سے مہدی تریمی نے دونوں گول کئے۔
واضح رہے کہ یہ میچ قطر میں میدان سے باہر ہونے والے مزید تنازعات کے پس منظر میں کھیلا گیا۔
انگلینڈ کو میچ شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل ہم جنس پرستوں کے حقوق کی حمایت میں ون لو آرم بینڈ پہننے کے منصوبے کو ختم کرنے پر مجبور کیا گیا۔
فیفا نے انگلینڈ سمیت یورپ کی سات ٹیموں کے اس منصوبے پر پانی پھیر دیا اور کہا کہ اگر کسی ٹیم نے اپنے بازو پر ہم جنس پرستوں کی حمایت میں پٹی باندھی تو اسے پابندیوں کو سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ قطر میں ہم جنس پرستی مکمل طور پر غیر قانونی ہے۔
نیدرلینڈز نے سینیگال کو 0-2 سے شکست دے دی
قطر میں جاری فیفا ورلڈکپ 2022 کے تیسرے میچ میں نیدرلینڈز نے سینیگال کو دو صفر سے ہرا دیا۔
دوحا میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں نیدرلینڈز نے سینیگال کو 0-2 سے شکست دے دی۔
پہلے ہاف کے اختتام تک مقابلہ بغیرکسی گول کے برابر تھا جس میں سینیگال کی ٹیم کا پلڑا نسبتاً بھاری رہا مگر اُن کےکھلاڑی گول نہ کرسکے۔
دوسرے ہاف میں بھی سخت مقابلہ ہوا تاہم نیدرلینڈز نے کھیل کے خاتمے سے 12 منٹ قبل گیپکو کے ذریعے برتر ی حاصل کی اور پھر کھیل کے بالکل آخری لمحات میں کلاسین نےگول کرکے ٹیم کی برتری دوگنی کردی۔