نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں سنتھیٹک ٹرف کو نقصان پہنچنے کا خدشہ

Published On 07 May,2023 03:08 pm

لاہور: (ویب ڈیسک ) نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں کروڑوں روپے مالیت کی سنتھیٹک ٹرف کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

 اس حوالے سے سپورٹس بورڈ پنجاب کا کہنا ہے کہ کمپنی کے ماہرین کی ہدایات کے مطابق ٹرف بچھائی جا رہی ہے۔

ٹرف مختلف حصوں کے ساتھ گراؤنڈ میں پھیلا تو دی گئی ہے لیکن ٹرف کو لیول کر کے چسپاں نہیں کیا گیا، چسپاں نہ کرنے کی وجہ سے ٹرف آندھی آنے سے اکھڑ چکی ہے اور  ٹرف اُڑ کر اِدھر اُدھر جانے سے اس کے خراب ہونے کا امکان ہے۔

سپورٹس بورڈ پنجاب کا کہنا ہے کہ ٹرف ماہرین کی نگرانی میں بچھائی جا رہی ہے اور 10 سے 12 روز میں کام مکمل کر لیا جائے گا۔

ٹرف بچھانے کے کام کا افتتاح اپریل کے وسط میں مشیرِ کھیل پنجاب وہاب ریاض نے کیا تھا ، ٹرف کے کام کا تخمینہ لگ بھگ 16 کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔