پاکستانی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے نئی تاریخ رقم کردی

Published On 20 July,2023 09:07 am

لاہور : (دنیا نیوز) پاکستان کی خاتون کوہ پیماء نائلہ کیانی نے نئی تاریخ رقم کرتے ہوئے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا۔

پاکستانی کوہ پیما نائلہ کیانی نے پاکستان میں موجود تمام پانچ ( 8 ہزار میٹر سے بلند چوٹیاں)  سر کرلیں، وہ یہ کارنامہ سر انجام دینے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں۔

نائلہ نے یہ کارنامہ آج 8051 میٹر بلند براڈ پیک سر کرکے سر انجام دیا ہے ، براڈ پیک دنیا کی بارہویں بلند چوٹی ہے۔

نائلہ کیانی نے حال ہی میں دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرکے تاریخ رقم کی تھی، نائلہ کیانی رواں سال 2023 میں ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والی پہلی بین الاقوامی کوہ پیما ہیں ۔

اس سے قبل یہ اعزاز پاکستانی کوہ پیما ثمینہ بیگ کے پاس تھا، جنہوں نے 2013 میں ماؤنٹ ایورسٹ سر کرکے کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کا اعزاز اپنے نام کیا۔

پاکستان کی خاتون کوہ پیماء نائلہ کیانی نے  اس سے قبل پاکستان میں کے ٹو، نانگا پربت ، گیشربرم ون اور گیشربرم ٹو سر کرنے کا اعزاز بھی اپنے نام کررکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :کوہ پیما نائلہ کیانی کی براڈ پیک سر کرنے کیلئے پیش قدمی جاری

نائلہ  نانگا پربت ، لوٹسے، اناپورنا اور گیشربرم سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون بھی ہیں جبکہ 14 میں سے 8 آٹھ ہزار میٹر کی بلند چوٹیاں سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہیں۔

نائلہ  کیانی کا تعلق صوبہ پنجاب میں راولپنڈی شہر کے علاقے گجر خان کے ایک قدامت پسند خاندان سے ہے، انھوں نے ایرو سپیس انجینئرنگ کی تعلیم برطانیہ سے حاصل کر کے اپنے اس شعبے میں بھی کام کررکھا ہے ۔

یہ بھی پڑھیں :پاکستانی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے نانگا پربت سر کرلی

 خیال رہے کہ وزیراعظم محمد شہبازشریف کی ہدایت پر دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے پر پاکستانی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی کو ستارہ امتیاز دینے کا بھی نوٹی فکیشن جاری کیا گیا تھا۔

دسمبر 2021 میں نائلہ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کوہ پیمائی میں ان کی کامیابیوں کے اعتراف میں ایوارڈ سے بھی نوازا تھا۔