اٹالین اوپن ٹینس: آئیگا سویٹیک اورکوکوگف کی سیمی فائنل میں رسائی

Published On 15 May,2024 02:51 pm

روم : (ویب ڈیسک ) پولینڈ کی نامور ٹینس سٹار ،عالمی نمبرون اور ایونٹ کی ٹاپ سیڈڈ آئیگا نتالیہ سویٹیک اپنی فتوحات کے سلسلے کو برقرار رکھتےہوئے اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں خواتین کے سنگلز مقابلوں کے سیمی فائنل راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔

ڈبلیو ٹی اے کے زیر اہتمام اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ مقابلے اٹلی کے دارالحکومت روم میں جاری ہیں ۔

ویمنز سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل راؤنڈ میں عالمی نمبر ایک پولینڈ کی 22سالہ آئیگا سویٹیک نے انتہائی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے امریکی حریف کھلاڑی میڈیسن کیز کو سٹریٹ سیٹس میں 1-6 اور 3-6 سے ہرا کر سیمی فائنل مرحلے میں جگہ بنالی ۔

دو بار کی اٹالین اوپن چیمپئن آئیگا سویٹیک نے 77 منٹ میں امریکی حریف کھلاڑی کو پچھاڑا، آئیگا سویٹیک نے 2021 اور 2022 میں اٹالین اوپن کا ویمنز سنگلز ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔

امریکی ٹینس کھلاڑی اور ایونٹ کی تھرڈ سیڈڈ کوکوگف نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے چین کی حریف کھلاڑی ژینگ کنوین کو ٹائی بریک پر سٹریٹ سیٹس میں 6-7(4-7) اور 1-6 سے ہر اکر سیمی فائنل راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

سیمی فائنل راؤنڈ میں آئیگا نتالیہ سویٹیک کا مقابلہ کوکوگف سے ہوگا۔