پیرس اولمپکس کی رنگا رنگ اختتامی تقریب کی تصویری جھلکیاں

Published On 12 August,2024 09:48 am

لاہور : (اسما رفیع ) پیرس میں ہونے والے اولمپک گیمز 2024 پوری آب وتاب کے ساتھ اختتام پذیرہوئے، میڈلز کی اس دوڑ میں 126 تمغوں کے ساتھ ا مریکا سرفہرست رہا جبکہ چین نے دوسری پوزیشن حاصل کی ۔

اولمپک اسٹیڈیم میں سجائی گئی ایک شاندار تقریب میں کھیلوں کے اس بڑے میلے کااختتام ہوا ، سینکڑوں فنکاروں نے سحر انگیز پرفارمنسز کا مظاہرہ کیا۔ 

فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون اور ان کی اہلیہ بھی اختتامی تقریب میں شریک ہوئے۔

تقریب کے آغاز سے قبل لاس اینجلس کے مناظر دکھائے گئے، جو 2028 میں اگلے سمر گیمز کی میزبانی کرے گا، لاس اینجلس کی میئر نے اولمپکس کا جھنڈا لہرادیا ۔

لاس اینجلس میں پرفارم کرنے والوں میں موسیقار بلی ایلش، ڈاکٹر ڈری، سنوپ ڈاگ اور ریڈ ہاٹ چلی پیپرز شامل تھے۔

اسٹیڈ ڈی فرانس میں ہونے والی رنگا رنگ تقریب میں مختلف ممالک کے ایتھلیٹس اپنے ملک کا پرچم تھامے شریک ہوئے،  مارچ پاسٹ ہوا ۔

اور اس کے بعد فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس محفل کو چار چاند لگادیئے ۔

اولمپکس مقابلوں کے انعقاد کو ممکن بنانے میں اہم کردار ادا کرنے والے 45 ہزار رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کیا گیا، اس کے بعد میوزک کی جھنکار ہوئی۔

سٹیڈیم میں موجود تماشائیوں کے ساتھ ایتھلیٹس بھی خوب محظوظ ہوتے نظر آرہے ہیں۔

سٹیج پر پیرس اولمپک آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر ٹونی سٹیگوئٹ اور انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے صدر تھامس بیخ چھ نمایاں ایتھلیٹس کے ساتھ سٹیج پر آئے۔

اولمپک آرگنائزنگ کمیٹی کے صدر ٹونی سٹیگوئٹ نے اپنے خطاب میں ایتھلیٹس اور تھامس بیخ نے منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے گیمز کے اختتام کا اعلان کیا۔

تھامس بیخ نے 2028 اولمپکس کے میزبان لاس اینجلس کی میئر کو اولمپک فلیگ دیا جس کے بعد منفرد انداز میں ہالی ووڈ اداکار ٹام کروز کی اسٹیڈیم میں انٹری ہوئی اور وہ اولمپکس فیلگ کے ساتھ روانہ ہوگئے۔

آخر میں تھامس بیخ کے پیرس اولمپکس کے باقاعدہ اختتام کے اعلان کے ساتھ اولمپک مشعل کو بجھا دیا گیا اور دلکش آتش بازی کے ساتھ تقریب بھی ختم ہوئی۔

واضح رہے کہ پیرس اولمپکس گیمز کا آغاز 26 جولائی کو فرانس کے دارالحکومت پیرس سے ہوا جو کہ 11 اگست تک جاری رہا ، افتتاحی تقریب دریائے سین پر ہوئی تھی تاہم سحرانگیز اختتامی تقریب مرکزی اسٹیڈیم میں ہوئی، موسم خاصا گرم اور درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تھا، جس سے شرکا مشکل سے دوچار بھی ہوئے۔

 







×

آپ کی رائے

کیا چھوٹے صوبوں کا قیام پاکستان میں بہتر حکمرانی اور ترقی کے لیے ضروری ہے