پرتگال : (ویب ڈیسک ) عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے یوٹیوب چینل بنانے کے ایک دن بعد ہی گولڈن بٹن حاصل کر لیا۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق فٹبال کی دنیا میں دھوم مچانے کے بعد کرسٹیانو رونالڈو نے گزشتہ روز یوٹیوب پر اپنے چینل ’یو آر کرسٹیانو‘ کے ساتھ ایک دھماکے دار انٹری دی ہے۔
اُنہوں نے اب تک اپنے یوٹیوب چینل پر 18 ویڈیوز اپ لوڈ کیں اور 15 ملین سے زائد سبسکرائبرز حاصل کر لیے ہیں۔
کرسٹیانو رونالڈو نے 2 عالمی ریکارڈز اپنے نام کرنے اور یوٹیوب کی جانب سے گولڈن بٹن ملنے پر اپنے مداحوں کی محبت اور حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔
اُنہوں نے یوٹیوب پر اپنی فیملی کے ہمراہ ایک ویڈیو شیئر کی جس میں اُنہیں اور ان کے بچوں کو یوٹیوب کی جانب سے ملا ’گولڈن پلے بٹن‘ حاصل کرنے کے بعد پُرجوش دیکھا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ رونالڈو نے سب سے بڑے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر لانچنگ کے بعد 2 نئے عالمی ریکارڈز بنالیے ، اُنہوں نے یوٹیوب پر سب سے کم وقت میں 10 لاکھ سبسکرائبرز اور 1 دن کے اندر 10 ملین سبسکرائبرز حاصل کرنے کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔