انگلینڈ : (ویب ڈیسک ) لیورپول نے انگلش پریمیئر لیگ کے ایک میچ میں دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی کو 0-2 گول سے ہرا دیا، مانچسٹر یونائیٹڈ نے ایورٹن کو 0-4 گول سے جبکہ چیلسی نے آسٹن ولا کو0-3 گول سے شکست دیدی۔
پریمیئر لیگ کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ میں جاری ہیں، اینفیلڈ ،لیورپول میں کھیلے گئے لیگ کے اہم میچ میں لیورپول نے انگلش پریمیئر لیگ کے ایک میچ میں دفاعی چیمپئن مانچسٹرسٹی کو 0-2 گول سے ہرا دیا، لیورپول کی جانب سے کوڈی گکپو اورمحمد صلاح نے ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی کی ٹیم کوئی گول سکور نہ کر سکی، یہ لیورپول کی لیگ میں گیارہویں فتح ہے اور اس فتح نے لیورپول کی ٹیم کی ٹاپ پوزیشن کو مزید مستحکم بنادیا ہے۔
اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر کے مقام پر کھیلے گئے ایک اور میچ میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایورٹن کی ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد بآسانی 0-4 گول سے ہرا دیا۔
مارکس راشفورڈ اورجوشوا زرکزی نے دو،دو گول کر کے اپنی ٹیم مانچسٹر یونائیٹڈ کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا، ایورٹن کی ٹیم میچ میں کوئی گول سکور نہ کرسکی۔
سٹامفورڈ برج، لندن میں کھیلے گئے میچ میں چیلسی اور آسٹن ولا کی ٹیمیں آمنے سامنے تھیں جس میں چیلسی کی ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے آسٹن ولا کی ٹیم کو با آسانی 0-3 گول سے ہرا دیا۔
چیلسی کی طرف سے نکولس جیکسن،اینزو فرنانڈیز اور کول پامرنے ایک ایک گول کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ انگلش پریمیئر لیگ میں لیورپول کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سب سے زیادہ 34 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر برقرار ہے جبکہ آرسنل چیلسی کی ٹیمیں 25،25 مساوی پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔