عرب کپ کا سنسنی خیز فائنل، مراکش نے اردن کو شکست دے دی

Published On 19 December,2025 06:07 am

دوحہ: (ویب ڈیسک) مراکش نے دو بار خسارے میں جانے کے باوجود اردن کا پہلا عرب کپ جیتنے کا خواب چکنا چور کرتے ہوئے ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

مراکش اور اردن کے درمیان عرب کپ کے فائنل میچ نے 2022ء کے ورلڈ کپ فائنل کی یاد دلا دی، سنسنی خیز مقابلے میں عثامہ تنان نے اٹلس لائنز کو ایک شاندار طویل فاصلے کے گول کے ساتھ برتری دلائی، تاہم اردن نے دوسرے ہاف میں ٹورنامنٹ کے ٹاپ سکورر علی اولوان کے ذریعے شاندار جواب دیا۔

فارورڈ نے کھیل دوبارہ شروع ہونے کے 3 منٹ بعد ہی سکور برابر کر دیا، محند ابو طحہ کی لی گئی کارنر کے بعد قریب سے ہیڈنگ کر کے گول کیا، ہاف کے وسط میں اردن کو پنالٹی دی گئی جس میں الوان نے گول کر کے اردن کو دوبارہ برتری دلا دی۔

مراکش نے میچ میں برابری کی تلاش میں بے حد دباؤ ڈالا اور وقت ختم ہونے سے محض 2 منٹ پہلے ایک کارنر حمد اللہ کے پاس آیا، جنہوں نے قریب سے گول کر دیا۔

اضافی وقت کے 100ویں منٹ میں حمد اللہ نے گول کر کے اپنی ٹیم کو 3-2 کی فیصلہ کن برتری دلائی جس کے بعد مراکشی شائقین میں جشن کا آغاز ہو گیا۔

قبل ازیں دن کے آغاز میں، سعودی عرب اور یو اے ای کے درمیان تیسری پوزیشن کا میچ خراب موسم کی وجہ سے غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا گیا، فیفا نے تصدیق کی کہ تیسری پوزیشن کا فیصلہ متعلقہ کمیٹی کی جانب سے مناسب وقت پر کیا جائے گا۔