فیفا ورلڈکپ 2026: آغاز سے قبل ہی مقبولیت کے تمام ریکارڈز پاش پاش

Published On 31 December,2025 12:32 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ٹکٹوں کے لیے جاری رینڈم سلیکشن ڈرا مرحلے کے نصف تک پہنچتے ہی شائقین کی غیر معمولی دلچسپی نے نئے ریکارڈ قائم کر دیئے۔

اب تک دنیا کے 200 سے زائد ممالک سے 150 ملین سے زیادہ ٹکٹوں کی درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔

11 دسمبر 2025 کو شروع ہونے والے اس مرحلے کے مطابق تصدیق شدہ کریڈٹ کارڈ ڈیٹا کی بنیاد پر یہ ایونٹ دستیاب ٹکٹوں کے مقابلے میں 30 گنا زیادہ سبسکرائب ہو چکا ہے جبکہ یہ طلب 1930 سے اب تک ہونے والے تمام ورلڈ کپ مقابلوں میں شریک مجموعی شائقین سے بھی کہیں زیادہ ہے۔

فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو کے مطابق ورلڈ کپ 2026 دنیا کا سب سے بڑا اور جامع فٹبال ایونٹ ہوگا جو عالمی اتحاد اور کھیل سے محبت کا شاندار مظہر بنے گا۔

یہ میگا ایونٹ 11 جون سے 19 جولائی 2026 تک کینیڈا، میکسیکو اور امریکا کے 16 میزبان شہروں میں کھیلا جائے گا جس میں 48 ٹیمیں 104 میچز میں حصہ لیں گی۔

ٹکٹس کے لیے موجودہ مرحلہ 13 جنوری 2026 تک کھلا رہے گا اور درخواست دینے کے وقت سے کامیابی کے امکانات متاثر نہیں ہوں گے۔

اس مرحلے میں ٹکٹوں کی قیمتیں برقرار رکھی گئی ہیں جبکہ فیفا نے شائقین کے لیے 60 امریکی ڈالر کی مخصوص سپورٹر انٹری ٹکٹ کی سہولت بھی متعارف کرائی ہے، ناکام درخواست دہندگان کو آئندہ مراحل میں دوبارہ موقع دیا جائے گا جبکہ پریمیم اور سفری پیکیجز بھی دستیاب ہیں۔