خلاصہ
- کولمبو: (سید مدثر خوشنود) پاک بھارت ٹی 20 عالمی کپ کے بڑے مقابلے سے ایک روز قبل ہی کولمبو میں کرکٹ کا جوش عروج پر پہنچ گیا۔
آر پریماداسا سٹیڈیم کے اطراف پاکستانی شائقین کے ساتھ ساتھ بڑی تعداد میں سری لنکن مداح بھی گرین شرٹس پہن کر پاکستان کی حمایت کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
سٹیڈیم کے باہر مختلف مقامات پر شائقین کی بڑی تعداد جمع رہی، جہاں پاکستان اور سری لنکا کے پرچم ایک ساتھ لہراتے نظر آئے اور کرکٹ دوستی اور کھیل کے مثبت جذبے کی خوبصورت مثال سامنے آئی۔
شائقین کا کہنا ہے کہ پاک بھارت مقابلہ صرف میچ نہیں بلکہ عالمی کرکٹ کا سب سے بڑا ایونٹ بن چکا ہے، شہر کے ہوٹلوں، ریستورانوں اور مارکیٹوں میں بھی غیر معمولی رونق دیکھی جا رہی ہے۔
مختلف ممالک سے آنے والے کرکٹ مداح اس بڑے مقابلے کو دیکھنے کے لیے کولمبو پہنچ چکے ہیں، جس سے شہر میں کھیلوں کا ماحول نمایاں طور پر محسوس کیا جا رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ جب کھیل کے ذریعے مختلف ملکوں کے شائقین ایک ساتھ جمع ہوتے ہیں تو یہ کرکٹ کو محض کھیل نہیں بلکہ دوستی اور مثبت پیغام کا ذریعہ بنا دیتا ہے۔
اب سب کی نظریں کل ہونے والے اس ہائی وولٹیج مقابلے پر مرکوز ہیں جو عالمی کپ کا سب سے بڑا ٹاکرا سمجھا جا رہا ہے۔