تیسرا ون ڈے: پاکستان کی امپائر کے فیصلے پر میچ ریفری سے شکایت

تیسرا ون ڈے: پاکستان کی امپائر کے فیصلے پر میچ ریفری سے شکایت

رپورٹس کے مطابق پاکستانی ٹیم مینجمنٹ نے آن فیلڈ امپائر کمار دھرماسینا کی جانب سے بنگلا دیش کو ایل بی ڈبلیو ریویو لینے کی اجازت دینے پر اعتراض اٹھایا ہے۔ پاکستان کا مؤقف ہے کہ بنگلا دیش نے ریویو اس وقت لیا جب گیند کی ری پلے سٹیڈیم کی بڑی سکرین پر دکھائی جا چکی تھی۔

مذکورہ واقعہ تیسرے ون ڈے کے آخری اوور کی دوسری آخری گیند پر پیش آیا، جب پاکستان کو جیت کے لیے دو گیندوں پر 12 رنز درکار تھے، بنگلا دیش کے لیگ اسپنر رشد حسین کی گیند لیگ سائیڈ پر نکل گئی جسے امپائر نے وائیڈ قرار دیا۔

کچھ دیر مشاورت کے بعدبنگلا دیش نے ایل بی ڈبلیو کا ریویو لے لیا، حالانکہ بظاہر گیند بیٹر شاہین آفریدی کے جسم سے کافی دور تھی پاکستان کا کہنا ہے کہ قوانین کے مطابق ریویو کا فیصلہ اس وقت تک کرنا ہوتا ہے جب تک ری پلے کھلاڑیوں کو نظر نہ آئے، مگر اس موقع پر بڑی سکرین پر گیند کا ری پلے دکھایا جا چکا تھا۔

ڈی آر ایس میں بال ٹریکنگ سے پہلے اس وقت اسپائک سامنے آیا جب گیند بلے کے نچلے حصے کے قریب سے گزری، جس کے بعد وائیڈ کا فیصلہ واپس لے لیا گیا۔ اس کے نتیجے میں پاکستان کو ایک گیند پر 12 رنز درکار رہ گئے۔

آخری گیند پرشاہین آفریدی سٹمپ آؤٹ ہوگئے اور بنگلا دیش نے میچ 11 رنز سے جیت کر سیریز 1-2 سے اپنے نام کرلی۔

خیال رہے کہ یہ لگاتار دوسرا میچ ہے جس میں پاکستان نے فیصلوں پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، اس سے قبل سلمان علی آغا نے رن آؤٹ پر شیدید غصے کا اظہار کیا تھا جس پر آئی سی سی کی جانب سے انہیں ایک ڈی میرٹ پوائنٹ اور میچ فیس کا 50 فیصد جرمانے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔