خلاصہ
- نئی دہلی: (ویب ڈیسک) جنوبی افریقا، آئرلینڈ اور پھر انگلینڈ کے خلاف پے درپے شکستوں کے بعد ٹی ٹوئنٹی چیمپئن بھارتی ٹیم میں بھونچال پیدا ہوگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں اکھاڑ پچھاڑ ہونے کا امکان ہے، ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کے کوچنگ سٹاف کا اہم رکن فارغ کیے جانے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس میں کہا جا رہا ہے کہ مسلسل شکستوں کے بعد بھارتی ٹیم کے ڈریسنگ روم کا ماحول کشیدہ ہے، جنوبی افریقا کے خلاف وائٹ واش کے بعد ڈریسنگ روم میں دراڑیں آچکی ہیں اور گزشتہ کئی مہینوں سے ڈریسنگ روم کا ماحول اچھا نہیں ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گوتم گمبھیر کے کوچنگ سٹاف کے اہم رکن کا آئی پی ایل کی ٹیم جوائن کرنے کا امکان ہے جبکہ سپورٹ سٹاف کے ایک اور رکن کے بھی جانے کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق سلیکٹرز اور کوچنگ سٹاف کے درمیان اختلافات نے معاملات کو مزید پیچیدہ کردیا ہے، انگلینڈ کےخلاف سیریز کے بعد بھارتی بورڈ کا اہم جائزہ اجلاس ہوگا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سیکرٹری بی سی سی آئی دیواجیت سائیکا ٹیم کی ناکامیوں پر بورڈ کی ریویو میٹنگ کا کہہ چکے ہیں، ریویو میٹنگ میں بھارتی ٹیم کی ناکامیوں کی وجوہات کا تعین کیا جائےگا۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقا سے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کے بعد بھارت کو آئر لینڈ نے بھی دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کیا اور اب انگلینڈ کے خلاف 5 میچوں کی سیریز میں بھی بھارت تین صفر کے خسارے کے ساتھ سیریز سے ہاتھ دھو چکا ہے۔