خلاصہ
- راولپنڈی: (ویب ڈیسک) سہ ملکی سیریز کے دوسرے ون ڈے میچ میں اپنی آل راؤنڈ کارکردگی سے انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے والے عرفات منہاس نے اہم اعزاز حاصل کرلیا۔
راولپنڈی میں کھیلےگئے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ پر 302 رنز بنائے جس کے جواب میں انگلش ٹیم 39ویں اوور میں 215رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، انہوں نے مشکل وقت میں 59 رنز کی اننگ کھیلی اور پھر 40 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 20, 2026
اس کارکردگی کے ساتھ ہی عرفات منہاس ون ڈے انٹرنیشنل میں نصف سنچری بنانے اور اُس ہی میچ میں 5 یا اس سے زائد وکٹیں حاصل کرنے والے تیسرے پاکستانی کھلاڑی بن گئے۔
اس سے قبل شاہد آفریدی 3 بار اور عبدالرزاق ایک بار یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔
شاہد آفریدی نے سب سے پہلے 2000 میں لاہور میں انگلینڈ کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا تھا، جب انہوں نے 61 رنز بنانے کے ساتھ 40 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
شاہد آفریدی کو عالمی کرکٹ میں یہ کارنامہ سب سے زیادہ مرتبہ انجام دینےکا منفرد اعزاز بھی حاصل ہے۔ وہ ون ڈے انٹرنیشنل میں3 مرتبہ ایک ہی میچ میں نصف سنچری بنانے کے ساتھ 5 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
اس کے علاوہ عبدالرزاق نے سال 2000 میں بھارت کے خلاف 70 رنز سکور کرتے ہوئے 5 وکٹیں بھی حاصل کی تھیں۔