خلاصہ
- لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اوپننگ بیٹر صائم ایوب کو سکواڈ سے ریلیز کر دیا جس کے بعد صاحبزادہ فرحان کو طلب کرلیا گیا۔
پی سی بی کے مطابق صائم ایوب نے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن سے بات چیت میں ریلیز کی درخواست کی جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔
پی سی بی کے مطابق صائم ایوب نے ڈومیسٹک کرکٹ میں بیٹنگ پر کام کرنے کے لیے ریلیز کرنے کا کہا تھا جس پر پاکستان ٹیم منجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی نے باہمی طور پر صائم ایوب کی درخواست کو منظور کیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ موجودہ فارم کو دیکھتے ہوئے صائم ایوب کے فیصلے کو سراہا گیا ہے۔
پی سی بی نے صاحبزادہ فرحان کو سکواڈ میں شامل کر لیا ہے اور اب صاحبزادہ فرحان جلد سکواڈ کو جوائن کر لیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صاحبزادہ فرحان نیپال پریمئیر لیگ کے لیے کھٹمنڈو میں ہیں اور انہیں نیشنل ڈیوٹی کے لئے طلب کیا گیا ہے، صاحبزادہ فرحان پہلی دستیاب فلائٹ سے وطن واپس روانہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ مسلسل تین فتوحات کے ساتھ فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی پاکستان ٹیم تین ملکی سیریز کے پانچویں میچ میں منگل، 27 اکتوبر کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں سری لنکا کے خلاف میدان میں اترے گی۔