خلاصہ
- اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں جاری جے 60 جونیئر ورلڈ ٹینس چیمپئن شپ میں تین پاکستانی کھلاڑیوں نے بوائز سنگلز کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔
احتشام ہمایوں اور حسن عثمانی نے کامیابیاں حاصل کرکے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا، جبکہ حمزہ رومان پہلے ہی اگلے مرحلے میں پہنچ چکے ہیں۔
احتشام ہمایوں نے روس کے ڈینیئل الیاس کو سخت مقابلے کے بعد 6-3، 4-6 اور 6-4 سے شکست دی، جبکہ حسن عثمانی نے ہم وطن عامر مزاری کو 6-1 اور 6-1 سے ہرایا۔
بوائز ڈبلز کے سیمی فائنل میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں نے جگہ بنالی۔ احتشام ہمایوں اور حمزہ رومان نے کوارٹر فائنل میں عبدالباسط اور سربیا کے ووکاسن کو شکست دی۔
حسن عثمانی اور حذیق عاصم نے تھائی لینڈ کی جوڑی کو ہرا کر سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی، جبکہ عامر مزاری نے سری لنکا کے آہل کلیل کے ساتھ مل کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
دوسری جانب ریان خان اور محمد شایان کو ڈبلز کوارٹر فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ گرلز ڈبلز کے کوارٹر فائنل میں حاجرہ سہیل کی جوڑی بھی کامیابی حاصل نہ کرسکی۔
جے 60 جونیئر ورلڈ ٹینس چیمپئن شپ کے مقابلے پاکستان ٹینس فیڈریشن کمپلیکس اسلام آباد میں جاری ہیں۔