خلاصہ
- سڈنی: (ویب ڈیسک) سابق آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کی خود نوشت صبر کے منظر عام پر آنے کے بعد سینڈ پیپر سکینڈل کے سالوں پرانے معاملے کو دوبارہ تازہ کردیا ہے۔
ایسے میں ڈیوڈ وارنر سمیت پیٹ کمنز کا بھی بیان سامنے آیا اور اب پاکستان ٹیم کے سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم بھی اس معاملے پر بول پڑے۔
وسیم اکرم نے سینڈ پیپر سکینڈل میں ٹیم کے ملوث ہونے اور پیٹ کمنز کے بیان پر اپنی رائے کا اظہار اپنے سوشل میڈیا کے ذریعے کیا۔
وسیم اکرم نے کہا کہ میں گزشتہ ہفتے سے اس تنازعہ کے بارے میں سن رہا ہوں۔
اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ بولرز کو معلوم ہوتا ہے کہ گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ ہوئی ہے یا نہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرے دوست پیٹ کمنز نے بھی کہا کہ وہ اس حوالے سے نہیں جانتے۔
— Wasim Akram (@wasimakramlive) November 14, 2026
سابق فاسٹ بولر وسیم اکرم کہتے ہیں کہ شاید ٹیم کو اس وقت پتہ نہ ہو کہ کیا ہو رہا ہے، یہ میری رائے ہے یہ غلط بھی ہو سکتی ہے اور ٹھیک بھی۔
اپنے ویڈیو پیغام میں وسیم اکرم نے کہا کہ بطور بولر آپ گیند کا خیال کرتے ہیں، گیند کی ایک سائیڈ رگڑنے اور باؤنس ہونے سے سکریچ پڑ جاتے ہیں۔
وسیم اکرم نے کہا کہ مگر سینڈ پیپر کے سکریچز گیند کے باؤنس سے بننے والے سکریچز سے بالکل مختلف ہوتے ہیں۔
بطور تجربہ کار بولر جب گیند ہاتھ میں آتی ہے تو پتہ چل جاتا ہے کہ گیند کے ساتھ کچھ غلط ہوا ہے، اُمید ہے کہ یہ معاملہ حل ہو جائے گا۔