19ویں سندھ گیمز 13 سے 17 دسمبر تک سکھر میں ہوں گے

19ویں سندھ گیمز 13 سے 17 دسمبر تک سکھر میں ہوں گے

سندھ گیمز اور سندھ پنک گیمز کی تیاریوں سے متعلق اہم اجلاس وزیر کھیل و امور نوجوانان سندھ سردار محمد بخش خان مہر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سندھ گیمز کے لیے کھلاڑیوں کے ٹرائلز 23 نومبر سے 6 دسمبر تک اوپن اور میرٹ کی بنیاد پر ہوں گے، جبکہ منتخب کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 7 سے 10 دسمبر تک لگایا جائے گا۔

وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ صوبے کے تمام اضلاع کے کھلاڑیوں کو سندھ گیمز میں نمائندگی کا موقع دیا جائے گا اور ٹرائلز میں میرٹ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

اجلاس میں سندھ پنک گیمز 27 سے 29 نومبر تک شہید بینظیر آباد میں منعقد کرانے کا بھی اعلان کیا گیا۔ وزیر کھیل کے مطابق گیمز کا افتتاح خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری کریں گی۔

سردار محمد بخش مہر نے بتایا کہ سندھ پنک گیمز میں صوبے بھر سے 1200 سے زائد خواتین کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی، جبکہ ان کھیلوں کے لیے ٹرائلز شروع کردیے گئے ہیں۔

وزیر کھیل سندھ نے کہا کہ خواتین کھلاڑیوں کو کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنا سندھ حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے سندھ پنک گیمز کے لیے تمام ڈویژنوں میں شفاف اور میرٹ پر ٹرائلز یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔