انسٹاگرام کا بچوں کیلئے نیا سوشل نیٹ ورک لانچ کرنے پر غور

Published On 16 April,2021 11:03 pm

کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) دنیا کی مشہور ویڈیو اور فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام اب بچوں کیلئے بھی ایک سوشل نیٹ ورک لانچ کرنے پر غور کر رہی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے انڈیپینڈنٹ اردو میں چھپنے والی خبر کے مطابق انسٹاگرام کے اس سوشل میڈیا نیٹ ورک کو 13 سال سے کم عمر بچوں کیلئے بنایا جائے گا اور اسے والدین کنٹرول کر سکیں گے۔

تاہم بچوں کیلئے سرگرم فلاحی تنظیموں کی جانب سے فیس بک کے سربراہ مارک زکربرگ سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ ایسا منصوبہ ترک کر دیں۔

اس سلسلے میں ان تنظیموں کی جانب سے ایک خط لکھا گیا ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ انسٹاگرام کے ذریعے کم عمر افراد کی فلاح کے لیے مشکلات کا باعث بنتا ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے دکھاوے اور خود نمائی کا فروغ کیا جاتا ہے۔

انڈیپینڈنٹ اردو کے مطابق مارک زکربرگ کو یہ خط آسٹریلیا، افریقا، امریکا یورپ سے تعلق دکھنے والی تقریباً 100 تنظیموں اور افراد کی جانب سے لکھا گیا ہے۔

خط میں غیر مناسب مواد اور بچوں کو ہراساں کرنے والے افراد پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔

تاہم فیس بک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم ان بچوں کی مدد کرنا چاہتے ہیں جو اچھا وقت گزارنے کیساتھ ساتھ کچھ سیکھنا چاہتے ہیں۔ دوسروں کیساتھ رابطے کی خواہش رکھنے والے بچوں کیلئے ہماری کوشش ہے کہ انھیں ایک محفوظ پلیٹ فارم مہیا کر دیا جائے۔

کمپنی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں چائلڈ ڈیویلپمنٹ اینڈ مینٹل ہیلتھ ماہرین کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے تاکہ اس حوالے سے حفاظت اور پرائیویسی کو ترجیح دی جا سکے۔

 

Advertisement