خلاصہ
- دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات میں ڈیجیٹل کنٹینٹ کی نگرانی اور ریگولیشن کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت سامنے آگئی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم TikTok نے مشرقِ وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے خطے میں غیر مناسب اور گمراہ کن مواد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 17 ملین سے زائد ویڈیوز پلیٹ فارم سے ہٹا دی ہیں۔
یہ اقدام ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ذمہ دارانہ مواد کو فروغ دینے اور صارفین، بالخصوص نوجوانوں کو غیر مناسب آن لائن مواد سے محفوظ رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہٹائی گئی ویڈیوز میں کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزی، غلط معلومات اور غیر اخلاقی مواد شامل تھا۔
ذرائع کے مطابق یہ تفصیلات متحدہ عرب امارات کے نجی اخبار میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں سامنے آئی ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ ٹک ٹاک نے خطے میں ڈیجیٹل ذمہ داری کے تحت کنٹینٹ مانیٹرنگ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا ہے۔
ڈیجیٹل ماہرین کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی جانب سے اس نوعیت کی کارروائیاں اس بات کی عکاسی کرتی ہیں کہ آن لائن دنیا میں مواد کی نگرانی اور صارفین کے تحفظ کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔
متحدہ عرب امارات میں ڈیجیٹل پالیسیوں کے تناظر میں ایسے اقدامات کو آن لائن ماحول کو محفوظ، ذمہ دار اور قابلِ اعتماد بنانے کی کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔