ملینڈا گیٹس کو طلاق کے بعد کتنی دولت ملے گی؟

Published On 05 May,2021 08:26 pm

واشنگٹن: (ویب ڈیسک) دنیا کے امیر ترین شخص بل گیٹس اور ان کی سابق اہلیہ ملینڈا نے کچھ دن قبل ہی ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے طلاق لینے کا اعلان کر دیا ہے۔

اب دنیا بھر میں یہ چہ مگوئیاں کی جا رہی ہیں کہ چونکہ بل گیٹس دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص ہیں تو ان سے علیحدگی کے بعد ملینڈا کو بھی اربوں ڈالر کی رقم ملے گی۔ کہا جا رہا ہے کہ اگر ان کو برابر حصہ ملا تو وہ دنیا کی امیر ترین خاتون بن سکتی ہیں۔

ملینڈا گیٹس ان دنوں دنیا بھر میں خواتین کی فلاح وبہبود کیلئے کام کر رہی ہیں۔ اندازا لگایا جا رہا ہے کہ مائیکروسافٹ کے بانی سے طلاق کے بعد انھیں تقریباً 73 ارب ڈالر کے لگ بھگ دولت ملے گی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق بل گیٹس اور ملینڈا کی جانب سے فیملی کورٹ میں طلاق کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ اس درخواست کے متن میں کہا گیا ہے کہ دونوں کی شادی شدہ زندگی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے۔ اس کے علاوہ اثاثوں کی منصفانہ تقسیم کا بھی کہا گیا ہے جن کی مالیت امریکی کرنسی میں 146 ارب ڈالر بنتی ہے۔

خیال رہے کہ کہ دونوں شخصیات نے 1994ء میں شادی کی تھی اور اس موقع پر باہمی رضامندی سے کسی قسم کا معاہدہ بھی نہیں کیا تھا۔ امریکی قانون کہتا ہے کہ اگر ایسا کوئی معاہدہ نہ کیا جائے تو طلاق کے بعد دولت کی تقسیم مساوی طور پر ہوتی ہے۔

بل گیٹس اور میلنڈا کی جانب سے یہ بڑا اعلان سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر کے ذریعے کیا گیا ہے۔ دونوں نے لکھا کہ بہت سوچ بچار اور ہمارے رشتے سے جڑی چیزوں پر غور کے بعد ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ یہ شادی اب ختم کر دینی چاہیے۔

دونوں شخصیات درمیان ملاقات 1980ء میں ہوئی تھی جب میلنڈا نے مائیکروسافٹ کمپنی کو جوائن کیا تھا۔ بل گیٹس اور میلنڈا کا شمار دنیا کی سب سے کامیاب اور امیر ترین جوڑوں میں ہوتا تھا۔ دونوں مل کر عوامی فلاح وبہبود کیلئے ایک تنظیم چلا رہے ہیں جس کا نام بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن ہے۔ دونوں کے تین بچے بھی ہیں۔

اس فلاحی تنظیم نے موذی بیماریوں اور بچوں کی ویکسی نیشن کیلئے اب تک اربوں ڈالرز خرچ کئے ہیں۔ بل گیٹس دنیا کے چوتھے امیر ترین شخص ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق ان کے پاس 124 بلین ڈالرز کے لگ بھگ اثاثے موجود ہیں۔


انہوں نے اس تمام دولت کا بڑا حصہ اپنی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ سے کمایا جو انہوں نے 1970ء کی دہائی میں اپنے دوستوں کیساتھ مل کر قائم کی تھی۔ بل گیٹس اور میلنڈا نے اپنے مشترکہ تاریخی ٹویٹ میں لکھا کہ ہم دونوں نے اس 27 سال کے عرصے میں اپنے تینوں بچوں کی بہترین پرورش کرنے اور قابل بنانے کی کوشش کی۔ ہم نے ایک ایسی تنظیم کی بھی بنیاد رکھی جس مقصد نوع انسانی کی خدمت ہے۔

انہوں نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ہمیں اس بات کا یقین ہے کہ ہم دونوں مل کر اپنا مشن جاری رکھیں گے تاہم ازدواجی زندگی کو قائم رکھنا اب ناممکن ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ ہمارے خاندان کی پرائیوسی کا خیال رکھا جائے گا۔
 

Advertisement