آکلینڈ: (ویب ڈیسک) طویل دورانیے کا ہوائی سفر کرنے والے عام مسافروں کے لیے خوشخبری ہے کہ وہ اب ٹرین کی طرح ہوائی جہاز میں بھی اضافی رقم دے کر پرتعیش بستر حاصل کر سکتے ہیں۔
نیوزی لینڈ کی ایئر لائن نے اگلے سال سے طویل فاصلوں کی پروازوں میں اکانومی اور پریمیئر اکانومی کلاس کے مسافر کے لئے یہ پرتعیش سہولت شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایئر لائن نے پرائیویسی اور سونے کے لئے آئیڈیل ماحول کے ساتھ تیار سلیپنگ پوڈ کو "اسکائی نیسٹ" کا نام دیا ہے، مسافر اکانومی کلاس میں سیٹ کی بکنگ کراتے وقت سلیپنگ پوڈ بک کراسکیں گے۔
اکانومی کلاس کی سیٹوں پر سفر کرنے والے مسافر بھی مخصوص وقت کے لئے "اسکائی نیسٹ" کرائے پر لینے کے لیے عملے سے رابطہ کر سکیں گے۔
اعلان کے مطابق نیوزی لینڈ کی ایئر لائن نئے ملنے والے ایئر لائن 787 ڈریم لائنر طیاروں میں سلیپنگ پوڈ انسٹال کرے گی، طیارے میں اکانومی کلاس کی 5 نشستیں ہٹا کر 6 افراد کے لیے سلیپنگ پوڈ لگائے جائیں گے، مسافر 2024 میں ائیرلائن کے ڈریم لائنر طیاروں میں اسکائی نیسٹ سے استفادہ کر سکیں گے۔
نیوزی لینڈ کی ایئر لائن اپنے مسافروں کے سفر کے لیے نیا تصور پیش کیا ہے، نیند اور صحت کے لیے ہوائی جہازوں کے پچھلے حصوں میں مارے مارے پھرنے والے مسافروں کے لیے یہ آئیڈیل پیشکش ہے۔ فیملیز، جوڑے یا دوستوں کے گروپ اس پیشکش سے استفادہ کر سکیں گے۔
ایئر لائن کے مطابق ضروری نہیں کہ مسافر پورے سفر کے لیے سکائی نیسٹ سے استفادہ کرے، مسافر دو گھنٹے کے لیے بھی یہ بستر کرائے پر لے سکے گا۔
ان نشستوں میں مکمل طور پر بند دروازہ اور کھانے کے لیے جگہ ہے، نئے ڈیزائن کردہ کیبن کا مقصد ہر ایک کے لیے زیادہ آرام دہ ماحول فراہم کرنا ہے، مسافروں کو پرسکون کرنے کے لیے خاص روشنی ڈیزائن کی گئی ہے جو نیند لانے والی چائے کے انتخاب سے بھی لطف اندوز ہو سکتے ہیں، کاروبار یا سیاحت کے لیے طویل دورانیہ کی فلائٹس کے مسافر اب یہ پرتعیش سفر کر سکیں گے۔