کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) میٹا کی ذیلی پیغام رساں ایپلی کیشن واٹس ایپ 150 سے زائد ممالک میں اپنا نیا چینلز فیچر متعارف کرانے جا رہی ہے۔
چینلز ایک براڈ کاسٹ فیچر ہے جس کو سلیبریٹی اور سپورٹس ٹیمیں اپنی اپ ڈیٹس شیئر کرنے کیلئے استعمال کر سکتے ہیں، یہ فیچر ایک نئے اپ ڈیٹس ٹیب پر ظاہر ہوگا جو دوستوں اور رشتہ داروں سے کی جانے والی عمومی چیٹ سے علیحدہ ہوتا ہوگا۔
میسجنگ ایپ نے جون کے ابتداء میں سب سے پہلے یہ فیچر سِنگاپور اور کولمبیا میں متعارف کرایا تھا، لیکن گزشتہ روز میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ نے ایک پوسٹ میں فیچر کے عالمی سطح پر متعارف کرائے جانے کا اعلان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم عالمی سطح پر واٹس ایپ چینلز متعارف کرانے جا رہے ہیں اور ہزاروں نئے چینلز شامل کئے جائیں گے جن کو صارفین واٹس ایپ میں فالو کر سکیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ صارفین یہ چینلز نئے اپ ڈیٹس ٹیب میں دیکھ سکیں گے۔
اس فیچر کو نیٹ فلکس جیسی کمپنیاں اپنے چینل کی صورت میں استعمال کر سکتی ہیں جس کو یک طرفہ نشریات کے ذریعے کے طور پر استعمال کیا جا سکے گا۔
چینل ہسٹری ہمیشہ کیلئے خودبخود ختم ہونے سے پہلے صرف 30 دنوں تک دستیاب ہوگی، ساتھ ہی ایڈمن چینل کو فالوورز کیلئے پرائیویٹ رکھنے کیلئے سکرین شاٹ یا اپ ڈیٹ کے فارورڈ کئے جانے کو بلاک بھی کر سکیں گے۔