کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے ویڈیو کالز میں ایک اور دلچسپ فیچر کا اضافہ کردیا۔
میسجنگ ایپ کی اپ ڈیٹ پر نظر رکھنے والی سائٹ WABetaInfo کے مطابق اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے ایپ کے بیٹا (beta) ورژن میں ایک نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔
اس فیچر کے ذریعے صارفین ویڈیو کالز کے دوران اپنے تھری ڈی اواتار کو استعمال کر سکیں گے۔
خیال رہے کہ میٹا کی ایپس جیسے واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹا گرام میں ڈیجیٹل اواتار کا فیچر کافی عرصے سے موجود ہے اور اب میسجنگ ایپ کے لیے اسے مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق جب صارف اپنے اواتار کو ویڈیو کال کے لیے استعمال کرتا ہے تو وہ چہرے کی حرکت اور تاثرات کی رئیل ٹائم میں نقل کرتا ہے، صارفین ویڈیو کال کے دوران اس فیچر کو ٹرن آف بھی کر سکتے ہیں۔
بیٹا ورژن استعمال کرنے والے جن صارفین کو یہ فیچر دستیاب ہے ان کے سامنے ویڈیو کال کے دوران اس کا آپشن نظر آتا ہے اور اسے استعمال کرنے کے لیے سوئچ ٹو اواتار بٹن پر کلک کرنا ہوتا ہے۔
فی الحال یہ فیچر بیٹا ورژن میں دیا گیا ہے تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ تمام صارفین کے لیے اسے کب تک متعارف کرایا جائے گا۔