بیجنگ: (ویب ڈیسک) ٹک ٹاک کی جانب سے ایک ایسے نئے فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے جو مقبول ویڈیو شیئرنگ ایپ کے لیے انتہائی منفرد ثابت ہوگا۔
ٹک ٹاک کی جانب سے گوگل سرچ کو ان ایپ (in app) سرچ رزلٹس کا حصہ بنانے پر کام کیا جا رہا ہے۔
ایک ایکس (ٹوئٹر) صارف نے اس فیچر کے بارے میں بتایا جبکہ ٹک ٹاک کے ترجمان نے بھی اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گوگل سرچ فیچر کو ایپ کا حصہ بنانے کی آزمائش کچھ ممالک میں کی جا رہی ہے۔
یہ رپورٹ اس وقت سامنے آئی ہے جب ٹک ٹاک کی جانب سے ایپ کے سرچ آپشن کو بہتر بنانے کے لیے کام کیا جا رہا ہے،اس سے قبل سوشل میڈیا پلیٹ فارم نے خاموشی سے سرچ رزلٹس میں وکی پیڈیا کی تفصیلات کو دکھانا شروع کر دیا تھا۔
اس حوالے سے کمپنی کی جانب سے بھی تصدیق کی گئی تھی کہ ٹک ٹاک نے ایپ سرچ رزلٹس میں صارفین کو اضافی تفصیلات فراہم کرنے کے لیے وکی پیڈیا سے شراکت داری کی ہے۔