کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک)واٹس ایپ بیک اپ ڈیٹا کے لیے گوگل ڈرائیو سٹوریج کی کوئی حد نہیں مگر اب صارفین کو بڑے دھچکے کے لیے تیار ہونا ہوگا۔
واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ صارفین کے لیے بہت بڑی سہولت ختم ہونے والی ہے، WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق مستقبل قریب میں واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ صارفین کا بیک اپ ڈیٹا گوگل ڈرائیو سٹوریج کی 15 جی بی حد یا لمٹ کا حصہ بن جائے گا۔
خیال رہے کہ ابھی گوگل ڈرائیو میں واٹس ایپ چیٹ ہسٹری کو سٹوریج کی حد کا حصہ نہیں سمجھا جاتا، گوگل اکاؤنٹس کے ساتھ 15 جی بی کی مفت کلاؤڈ اسٹوریج ملتی ہے جو جی میل، ڈرائیو اور فوٹوز وغیرہ کے لیے استعمال ہوتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق دسمبر سے واٹس ایپ بیٹا (beta) صارفین کا واٹس ایپ ڈیٹا گوگل اسٹوریج میں جگہ گھیرنے لگے گا، عام صارفین کو اس تبدیلی کا سامنا 2024 میں کسی وقت ہوگا، واٹس ایپ ڈیٹا کا بیک اپ اس وقت مددگار ثابت ہوتا ہے جب آپ اپنا فون تبدیل کرتے ہیں اور گوگل ڈرائیو کے ذریعے اس تک رسائی آسان ہوتی ہے۔
جب واٹس ایپ ڈیٹا کے لیے گوگل کی مفت سٹوریج کی گنجائش ختم ہوگی تو پھر صارفین کو گوگل ون (1) کے سبسکرپشن پلان کو انتخاب کرنے کی ہدایت کی جائے گی، گوگل کی جانب سے بھی رپورٹ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اس کا اطلاق ان صارفین پر ہوگا جو مفت اسٹوریج والے اکاؤنٹس استعمال کر رہے ہیں۔