نیویارک: (ویب ڈیسک) چیٹ جی پی ٹی تیار کرنے والی کمپنی اوپن اے آئی نے برطرف کئے جانے والے چیف ایگزیکٹو کو دوبارہ بحال کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ 17 نومبر کو اوپن اے آئی نے سام آلٹمین کو چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے عہدے سے فارغ کر دیا تھا، سام آلٹمین کو نکالے جانے کے بعد میرا مورتی نامی خاتون کو کمپنی کا عارضی سی ای او بنا دیا گیا ہے۔
مگر اب ایک رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ کمپنی ایک بار پھر انہیں دوبارہ سی ای او کے عہدے پر بحال کرنے پر غور کر رہی ہے، اوپن اے آئی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے سام آلٹمین کو ان کے عہدے سے نکالنے کا اعلان کیا تھا۔
کمپنی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ سام آلٹمین کی جانب سے کئے جانے والے فیصلوں پر بورڈ کو اعتماد میں نہ لینے پر انہیں عہدے سے ہٹایا جا رہا ہے۔
مگر اس نئی رپورٹ میں سام آلٹمین کے قریبی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ بورڈ کی جانب سے ایک بار پھر سابق سی ای او کو ان کے عہدے پر بحال کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ سام آلٹمین کو فارغ کئے جانے کے بعد کمپنی کے متعدد عہدیداران بشمول صدر گریگ بروک مین نے بھی احتجاجاً اپنے عہدوں سے استعفے دے دیئے تھے۔