کیلیفورنیا: (ویب ڈیسک) ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے یورپی یونین کی جانب سے جاری کئے جانے والے ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ (ڈی ایم اے) کے جواب میں اپنے لائحہ عمل کا اعلان کر دیا۔
ایپل انسائیڈر کے مطابق ایپل کی جانب سے متعارف کرائے جانے والے نئے ضوابط پر اتفاق کرنے والے ای یو (یورپین یونین) ڈیویلپرز ایپ سٹور کی حریف ایپ مارکیٹ پلیسز بنا سکیں گے۔
یہ سٹورز ایسی ایپلی کیشنز استعمال کے لئے پیش کریں گے جو ایپل کے ایپ سٹور کے علاوہ ہوں گی یا ان پر ایپل کے قواعد کا اطلاق نہیں ہوتا ہوگا۔
ایپل کی جانب سے کئے جانے والے اس اقدام کے بعد ڈیویلپرز ایپ سٹور کنیکٹ اور ایپ سٹور کنیکٹ اے پی آئی میں اپنی ایپلی کیشنز کو سیٹ اپ کرنے کیلئے نئے فیچرز استعمال کر سکیں گے۔
آزمائش کے لئے جمع کرائی گئی ایپس نئے متبادل براؤزر انجنز، متبادل پے منٹ سروس پروائیڈر اینڈ ایکسٹرنل لنکنگ کو استعمال کر سکیں گے۔
اگرچہ یورپی کمیشن چاہتا تھا کہ ایپل آئی او ایس کو متبادل ایپ سٹورز کیلئے کھولے لیکن ایپل کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات پر دیگر کمپنیوں نے تحفظات کا اظہار کر دیا ہے۔
اسپاٹیفائی، ایپک کے سربراہان اور ایکس باکس کے صدر کی جانب سے ایپل کے ڈی ایم اے کے اطلاق پر تنقید کی گئی ہے۔
کمپنی کی جانب سے ان نئی تبدیلیوں کا اطلاق مارچ 2024 سے ہوگا، یورپی کمیشن آئندہ ماہ ایپل کے اس اقدام کا جائزہ لے گا اور اگر ادارے نے کسی قسم کے عدم اطمینان کا اظہار کیا تو کمپنی کو مزید تبدیلیوں کیلئے کہا جا سکتا ہے۔