انسٹاگرام کی صارفین کیلئے نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری

Published On 02 April,2024 10:11 am

نیویارک: (ویب ڈیسک) انسٹاگرام اپنے صارفین کی سہولت کیلئے ’بلینڈ‘ کے نام سے ایک نیا فیچر متعارف کرانے جا رہی ہے۔

میٹا کی زیر ملکیت فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام نے ’بلینڈ‘ نامی فیچر متعارف کرنے کی تیاری شروع کر دی، جس میں صارفین اپنی مرضی کے مطابق فیڈ بنا سکیں گے۔

اس فیچر کے تحت انسٹاگرام صارف جب کسی دوست کو بلینڈ کیلئے مدعو کرے گا تو ایپ کی جانب سے ریلز کی ایسی فیڈ تیار کی جائے گی جو صارف اور اس کے دوست کی مشترکہ دلچسپی کے مطابق ہوگی۔

یہ بلینڈ فیڈ ایسی ریلز ویڈیوز پر مبنی ہوگی جو انسٹاگرام کے مطابق آپ اور آپ کے دوست کیلئے باعث دلچسپی ہوگی اور آپ ایک دوسرے سے شیئر کرنا چاہیں گے، یہ صرف 2 افراد تک محدود ہوگی اور کسی اور کی رسائی اس تک نہیں ہوگی اور صارف اسے کسی بھی وقت چھوڑ سکے گا۔

مقبول سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام کا یہ فیچر 2021 میں جاری کردہ اسپاٹیفائی نامی فیچر سے ملتا جلتا ہے، جس میں صارفین کو اپنے پسندیدہ گانے مشترکہ پلے لسٹ میں محفوظ کرنے کی سہولت دی گئی تھی، تاہم یہ فیچر ابھی زیر آزمائش ہے۔