ٹک ٹاک کی چیٹ جی پی ٹی پر مبنی سرچ ٹول کی آزمائش

Published On 15 May,2024 09:15 am

نیویارک: (ویب ڈیسک) ٹک ٹاک کی جانب سے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کو سرچ انجن کا حصہ بنانے پر کام شروع کر دیا گیا۔

ایک رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا ایپ ٹک ٹاک کی جانب سے اپنے سرچ انجن کے لیے اے آئی سمارٹ ٹول کی آزمائش کی جا رہی ہے، اس ٹول میں سرچ رزلٹس کے لیے چیٹ جی پی ٹی کی مدد لی جائے گی۔

ٹک ٹاک کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ یہ اے آئی ٹول اس مواد کو دکھائے گا جو ایپ کے الگورتھم کے خیال میں آپ کی سرچ سے جڑا ہوا ہوسکتا ہے۔

اس سے قبل ٹک ٹاک کی جانب سے ایک اور فیچر کی آزمائش بھی کی جا رہی تھی جس کے دوران مخصوص چیزوں کو سرچ کرنے پر سرچ رزلٹس کے اوپر ان کے حوالے سے سمری نظر آئے گی اور اس کے لیے بھی اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد لی جائے گی۔

اس فیچر کو اے آئی سرچ ہائی لائٹس کا نام دیا جائے گا تاہم ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ دونوں فیچرز کب تک تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوں گے۔

ٹک ٹاک کی جانب سے کافی عرصے سے اپنے سرچ انجن کو بہتر بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ وہ گوگل سرچ کا مقابلہ کرسکے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ٹک ٹاک نے اعلان کیا تھا کہ ویڈیو شیئرنگ ایپ میں اے آئی سے تیار کردہ تمام مواد پر لیبل لگائے جائیں گے تاکہ صارفین کو علم ہو سکے کہ وہ حقیقی نہیں بلکہ اے آئی ٹیکنالوجی سے تیار ویڈیوز دیکھ رہے ہیں۔