خلا میں ایک ہزار دن گزارنے والا پہلا انسان

Published On 10 June,2024 10:06 pm

ماسکو: (ویب ڈیسک) روس سے تعلق رکھنے والے ایک سائنسدان نے خلا میں ایک ہزار دن گزارنے کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔

Oleg Kononenko نے 5 جون کو خلا میں ایک ہزار دن گزارنے والے پہلے انسان ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا، اس سے قبل فروری میں انہوں نے خلا میں سب سے زیادہ 878 دن گزارنے کا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا، جو اس سے پہلے روس کے ہی Gennady Padalka کے پاس تھا۔

دونوں خلا بازوں نے یہ ریکارڈ کسی ایک مشن میں قائم نہیں کیا تھا بلکہ 5 مشنز میں ایسا ممکن ہوا، مگر Oleg Kononenko کے مشنز کا دورانیہ زیادہ طویل تھا اور وہ مستقبل میں بھی کافی وقت خلا میں گزارنے والے ہیں۔

اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو ستمبر 2024 کو انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن سے ان کی زمین پر واپسی ہوگی اور اس وقت تک خلا میں ان کے قیام کی مدت 1110 دن ہو جائے گی۔

انہوں نے روسی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آپ کچھ نیا اور اہم حاصل کر سکتے ہیں اور نامعلوم چیزوں کو چھو سکتے ہیں، اس سے آپ کو اعتماد ملتا ہے، مگر ابھی بھی وہ ایک مشن میں سب سے زیادہ دن خلا میں گزارنے کا ریکارڈ اپنے نام نہیں کرسکے ہیں۔