خبردار ! واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک ہونے کے واقعات بڑھنے لگے

Published On 11 June,2024 12:51 pm

کراچی:(ویب ڈیسک) وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے) کی جانب سے عوام کو خبردار کیا گیا ہے کہ حالیہ دنوں میں شہریوں کے واٹس ایپ اکاؤنٹس ہیک ہونے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔

ایف آئی اے کی ابتدائی رپورٹس کے مطابق ان واقعات میں سائبر کرمنل خواتین کے واٹس ایپ اکاؤنٹس کو خاص طور پر نشانہ بنا رہے ہیں، سائبر کرمنل خواتین کے واٹس ایپ اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کرتے ہیں اور بعدازاں ان کی ذاتی معلومات بشمول چیٹ، تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے ان کا استحصال کرتے ہیں۔


سائبر کرمنلز واٹس ایپ اکاؤنٹس تک غیر مجاز رسائی حاصل کرنے کے لیے جدید طریقوں کا استعمال کر رہے ہیں، جن میں فشنگ اور سوشل انجینئرنگ شامل ہیں۔

فشنگ کی حکمت عملی اکثر دھوکہ دہی کے پیغامات پر مشتمل ہوتی ہے جو صارفین کو ذاتی معلومات ظاہر کرنے یا بدنیتی پر مبنی لنکس پر کلک کرنے پر مائل کرتی ہیں، ایسے حملوں میں بنیادی طور پر خواتین صارفین کو نشانہ بنایا جاتا ہے جس سے ان کی ذاتی معلومات، تصاویر اور گفتگو تک رسائی حاصل کی جاتی ہے۔

ایف آئی اے کے مطابق سائبر کرمنلز پھر ان ہیک شدہ اکاؤنٹس کو نامناسب مواد کی اشاعت اور فراڈ کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔

واضح رہے ایف آئی اے نے انتباہ جاری کیا ہے کہ صارفین غیر متعلقہ، اجنبی نمبرز کے ذریعہ بھیجے گئے پیغامات، تصاویر، ویڈیوز یا فائلز کو اوپن کرنے سے گریز کریں، یہ پیغامات اکثر سپام لنکس یا فائلوں پر مشتمل ہو سکتے ہیں۔